وزیر بلدیات بلوچستان سرفراز چاکر ڈومکی انتقال کرگئے

وزیر بلدیات بلوچستان صوبائی سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی مختصر علالت کےبعد کراچی کےایک نجی سپتال میں انتقال کرگئے۔
2024 کے عام انتخابات میں سردار میر سرفراز چاکر خان ڈومکی، سبی کم لہڑی پی بی 8 سےبھاری اکثریت سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئےتھے۔
سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی بلوچستان کےنامور شخصیت سابق گورنر و وزیر اعلٰی بلوچستان نواب اکبر بگٹی کے داماد تھے۔سردار سرفراز خان ڈومکی مختلف ادوار میں حکومت اور اپوزیشن کاحصہ رہےہیں اور ایس اینڈ جی اے ڈی سمیت دیگر محکموں کے صوبائی وزیر رہےہیں۔
سابق صوبائی وزیر مرحوم سردار چاکر خان ڈومکی کی 2007 میں وفات کےبعد سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کو اقوام ڈومکی قبیلے کاسردار منتخب کیاگیا تھا۔
وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نےصوبائی وزیر کےانتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ سرفراز چاکر خان ڈومکی ایک زیرک اور معتبر سیاست دان اور قبائلی شخصیت تھے۔انہوں نےکہا کہ مرحوم نے بلوچستان کے سیاسی اور قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی موجودہ بلوچستان کابینہ کےمتحرک رکن تھے۔سرفراز بگٹی نےکہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کی رحلت سے گہرا صدمہ پہنچا، غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بھی صوبائی وزیر کےانتقال پر اظہار افسوس کرتےہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور بلوچستان کی ترقی کےلیے مثبت کردار ادا کیا۔
شاہد رند نےکہا کہ ان کی رحلت سے بلوچستان ایک باصلاحیت سیاست دان اور ایک مثبت قبائلی شخصیت سے محروم ہو گیا، اللہ تعالٰی مرحوم کےدرجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔