وفاقی تعلیمی اداروں میں طلبا کوبغیر امتحان پاس کرنے کا فیصلہ

وفاقی تعلیمی اداروں میں پہلی سے چوتھی، چھٹی ساتویں کلاس کے طلبا کو بغیر امتحان پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء کے لیے بڑی خبر ہے کہ حکومت نے پہلی سے چوتھی اور چھٹی ساتویں جماعت کے طلبا کو بغیر امتحان پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ پانچویں اور آٹھویں کے طلبا کے امتحانات لیے جائیں گے، اس حوالے سے وزارت تعلیم نے منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات نے پانچویں اور آٹھویں کے امتحانات لازمی لینے کی سمری بھجوائی ہے، پانچویں اور آٹھویں کے سنڑلائزڈ امتحانات کا شیڈول وفاقی نظامت تعلیمات جاری کرے گا۔
حکام وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ جن بچوں کو اگلی کلاسز میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ انہیں گزشتہ سال کے نتائج کی بنیاد پر ہی پروموٹ کیا جائے گا، گزشتہ سال پہلی سے آٹھویں تک کے بچوں کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا گیا تھا، گزشتہ سال 90 فیصد طلباء کے امتحانات ہوئے تھے اور بچوں کو نتائج کی بنیاد پر پاس کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھاکہ 10ویں اور 12 ویں جماعتوں کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی تک ہوں گے، 10ویں اور 12 ویں جماعتوں کےامتحانات کےلیے صوبے 31 مئی سے کلاسز شروع کرسکتے ہیں، کلاسز کورونا ایس او پیز کے ساتھ متبادل دنوں میں لی جاسکتی ہیں۔ این سی او سی نے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کےعملے کےلیے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا عملہ کورونا ویکسینیشن 10 جون تک مکمل کروائے، اساتذہ، 18 سال سےزائد عمرکےتعلیمی اسٹاف کےلیے واک ان ویکسینیشن کھول دی گئی، وہ قریبی مرکز صحت جائیں اور ویکسین لگوالیں۔

Back to top button