ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں کا چہرہ قوم کے سامنے آ گیا

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آ گیا، کسی کو زبردستی وزیراعظم نہیں بنایا جا سکتا۔بلاول بھٹو نے پشاور میں جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ میرا مخالف مہنگائی، بے روزگاری اور غربت ہے، مجھے عوام کے ساتھ کی ضرورت ہے تاکہ غریبوں کی خدمت کر سکوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 16مہینے کی کارکردگی پر فخر کرتا ہوں، میں اپنی 16 ماہ کی کارکردگی پر الیکشن لڑنے کو تیار ہوں، سیلاب متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں گھر بنا کر دوں گا، چند مہینوں میں 20 لاکھ گھر بنانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، پاکستان کے تمام مسائل صرف وزیر خارجہ حل نہیں کر سکتا، معیشت، غریب عوام کے مسائل کےحل کے لیے جیالا وزیراعظم بنانا پڑے گا، جب وزیراعظم ہوگا، وزیر اعلیٰ ہوگا پھر صحیح طریقے سے خدمت کر سکوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی پی کی حکومت ہوتی ہے تو ہم پسماندہ طبقات کی نمائندگی کرتے ہیں، ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے منصوبے شروع کریں گے، کسانوں کیلئے پروگرام شروع کریں گے، بےنظیر مزدور کارڈ پروگرام شروع کروں گا، بےنظیر مزدور کارڈ کے تحت محنت کشوں کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔