ویڈیو چیئرمین نیب کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے قومی احتساب بیورو کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ویڈیو چیئرمین نیب کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی ایک ویڈیو حکومت کے پاس ہے جس پر انہیں نچایا جا رہا ہے، ویڈیو کی آڑ میں حکومت ان سے کیا کیا کروا رہی ہے، چیئرمین نیب سلیکٹر حکومت سے سر سے پاؤں تک بلیک میل ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون کا سب سے غلط استعمال چیئرمین کررہے ہیں، چیئرمین نیب کی کارروائیوں کی وجہ سے لوگوں نے خودکشی کی، چیئرمین نیب ویڈیو کی وجہ سے بلیک میل ہو رہے ہیں تو انہیں یہ عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہا ہوں، چیئرمین نیب کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہی ہے، میں کہہ رہا ہوں حلیم عادل کا نام ای سی ایل میں ڈالو تو انہیں تکلیف ہو رہی ہے، نیب کو خدشہ تھا کہ اینٹی کرپشن حلیم عادل کو گرفتار کر لے گی اس لیے کیس پر بیٹھ گئی۔

وزیر تعلیم سندھ کا نیب قانون کو سیاہ اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب نے جو بدمعاشی مچائی ہوئی ہے وہ نہیں چلے گی، نیب کی غیر قانونی دخل اندازی کی وجہ سے حکومتیں اپنا کام نہیں کر پا رہیں، نیب اور ملکی معیشت ساتھ نہیں چل سکتے، حکومت کو روز کے معاملات چلانے میں مشکلات آرہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نیب کے قوانین میں اگر بہتر تبدیلی ہو سکتی ہے تو ہونی چاہیے۔

سعید غنی کا کہنا تھا اعجاز جاکھرانی کی گرفتاری کے موقع پر نیب کے ساتھ جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اعجاز جاکھرانی نے بھی نیب اہل کاروں پر حملے کا نہیں کہا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، آصف زرداری اور اعجاز جاکھرانی کے ساتھ ناانصافی اور انتقامی کارروائی ہو رہی ہے۔

Back to top button