پاکستان اور ترک وزارت داخلہ کا جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پراتفاق

پاکستان اور ترکیہ کی وزارت داخلہ نے تعاون کو مزید فعال کرنے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کرلیا۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے دورہ پاکستان کے دوران وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ون ٹو ون اور وفود کی سطح پر ملاقات ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاک ترکیہ تعلقات، انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، انسانی اسمگلنگ، بارڈر سیکیورٹی، سائبر کرائم، کوسٹ گارڈ اور پولیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے مابین تعاون کو مزید فعال کرنے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کرلیا گیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ورکنگ گروپ ہر سال 4 مرتبہ ملاقات کرے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک نے انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
ترک وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی ترکیہ کی سکیورٹی سے الگ نہیں ہے۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے پاکستان کے انسداد دہشتگردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں فعال کردار کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ترک ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، اس کے سدباب کے لیے ملکر کام کرنا ہو گا۔
پاکستان کی جانب سے انٹر پول کے انتخابات میں ترکیہ کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا گیا۔ جبکہ انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود قابل ستائش کام کررہی ہے، گزشتہ 5 سال میں پاکستان سے ترکیہ منشیات اسمگلنگ کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین پولیس ٹریننگ کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ جبکہ دونوں مملک کا مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
