پاکستان میں کورونا سے مزید 35 افراد جاں بحق ، 1828 نئے کیس
ملک میں کورونا وائرس کے 1828 نئے کیسز سامنے آ گئے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 828 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی

ملک میں کورونا وائرس کے 1828 نئے کیسز سامنے آ گئے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 828 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ اس وبا کے باعث مزید 35 افراد انتقال کر گئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 48 ہزار 134 ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتیجے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 3.79 فیصد رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 912 مریض صحتیاب ہوئے۔ملک میں اب تک 93.9 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، جن کی تعداد 9 لاکھ 12 ہزار 295 ہے۔علاوہ ازیں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 36 ہزار 454 ہے۔دوسری جانب بلوچستان حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 31 جولائی تک نئی پابندیاں عائد کردیں جس کے تحت بازار اور کاروباری مراکز رات 10بجے بند ہوجائیں گے جب کہ جمعہ کے روز لاک ڈاؤن ہوگا۔صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق این سی او سی کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے 31 جولائی تک نئی پابندیوں کا اطلاق عمل میں لایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کاروباری مراکز رات 10بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، ریسٹورینٹ میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ رات 12 تک اجازت ہوگی جب کہ صرف انہی لوگوں کو ریسٹورینٹس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے انسداد کورونا وائرس ویکسین لگوائی ہو۔اس کے علاوہ ریسٹورینٹس اور ہوٹل انتظامیہ اپنے ملازمین کو ویکسین لگوانے کا طریقہ کار اپنائیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالوں میں 400 مہمانوں کے ساتھ آوٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی، سنیما گھر رات ایک بجے تک کھلے رہیں گے اور انہی لوگوں کو جانے دیا جائےگا جو ویکسین لگوا چکے ہوں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ ثقافتی، مذہبی، موسیقی کے پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، تفریحی مقامات ، پارک 50فیصد گنجائش کے ساتھ کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائےگی جب کہ صوبے میں جمعہ کو مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔