پاکستان کیخلاف دوسرے ٹی20 میچ میں دو ویسٹ انڈین ویمنز کرکٹرز میدان میں بے ہوش
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں میزبان ٹیم کی دو کھلاڑی بیہوش ہو گئیں اور انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
کرک انفو کے مطابق انٹیگا میں کھیلا گیا سیریز کا دوسرا میچ بارش سے متاثر رہا اور ویسٹ انڈیز نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان کی بیٹنگ کے دوران ویسٹ انڈیز کی دو فیلڈرز شدید گرمی اور حبس کے سبب میدان میں بے ہوش گئیں اور انہین فوری طورپر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چنیل ہنری اور چیڈین نیشن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، دونوں کی حالت بہتر اور وہ ہوش میں ہیں اور ان کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کے بے ہوش ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میدان میں متبادل کھلاڑیوں کو اتارنا پڑا اور ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ کے دوران موسم کی بار بار مداخلت کے سبب میزبان ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس قاننو کے تحت 7 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ کورٹنی واش نے کہا کہ ان کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا، مجھے خوشی ہے کہ ان دونوں کھلاڑیون کی عدم موجودگی کے باوجود ہم فتح کے حصول میں کامیاب رہے۔
قومی ٹیم کی کپتان جویریہ خان نے دونوں حریف کھلاڑیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی دعائیں چنیل ہنری اور چیڈین نیشن کے ساتھ ہیں اور ہم ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، امید ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر ہمارے خلاف اگلے میچ میں کے لیے میدان میں اتریں گی۔
ان کا کہناتھا کہ دوران کھیل اس طرح کے واقعات ہلا کر رکھ دیتے ہیں اور ہم ویسٹ انڈین ٹیم کی ہمت کو داد دیتے ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت کے باوجود اپنے حواس قابو میں رکھتے ہوئے فتح حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی فتح
واضح رہے کہ سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹم کا فیصلہ کیا۔
میزبان ٹیم نے انٹیگا میں کھیلے ئگے میچ میں کائشیا نائٹ کے 30 اور چائیڈین نیشن کے 28 رنز کی بدولت 20 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔
میچ کے دوران موسم کی بار بار مداخلت کے سبب اننگز تاخیر کا شکار ہوئی اور پاکستان کو 18 اوورز میں 11 رنز کا ہدف دیا گیا لیکن ندا ڈار کی 29 رنز کی اننگز کے باوجود پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 103 رنز ہی بنا سکی اور ویسٹ انڈیز نے 8 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔