پاک فوج کے 2ریٹائرڈ افسران کاکورٹ مارشل ،سزا سنادی گئی

پاکستانی فوج کے دو ریٹائرڈ افسروں میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجہ اور کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے۔ عادل فاروق راجہ کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی جبکہ حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں سابق افسران کا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا جس کے تحت نہ صرف سزائیں سنائی گئیں بلکہ ان کے رینک بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ یوٹیوبر اور وی لاگر میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجہ کو تحریک انصاف کا حامی سمجھا جاتا تھا۔ وہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے 10 روز بعد پاکستان سے برطانیہ چلے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’دونوں سابق افسران کو پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کے تحت فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سزا سنائی گئی ہے۔‘ ان کے خلاف مقدمے کے فیصلے میں ’سزا میں فرائض کی انجام دہی، جاسوسی کے بارے میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی، ریاست کے تحفظ اور مفاد کے خلاف منفی سرگرمیوں کی دفعات بھی شامل ہیں۔‘ دونوں ریٹائرڈ افسران کے خلاف سات اور نو اکتوبر 2023 کو عدالتی کارروائی کے بعد سزا سنائی گئی جبکہ سابق افسران کے رینکس بھی 21 نومبر 2023 سے ضبط کر لیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ ان دونوں مجرمان کے خلاف اسلام آباد کے تھانے میں لوگوں کو فوج اور حکومت کے خلاف اکسانے کے مقدمات بھی درج ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ دونوں ملزمان بیرون ملک ہیں اور انھیں اشتہاری قرار دینے سے متعلق ضابطے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے . یاد رہے کہ میجر ریٹائرڈ فاروق راجہ نے لندن پہنچنے کے بعد اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے پاکستانی فوج پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری رکھا۔ عادل فاروق راجہ برطانیہ میں رہتے ہوئے پاکستان کی موجودہ سیاسی اور عسکری قیادت پر بھرپور تنقید کرتے رہے تھے اور اس نوعیت کے الزامات میں تیزی آنے کے بعد برطانیہ میں ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا۔ برطانیہ میں اپنے خلاف دائر ہونے والی شکایتوں اور دعوؤں کے بعد وہ اپنے کئی دعوؤں سے پیچھے بھی ہٹے تھے۔

میجر عادل راجہ پاکستانی فوج میں خدمات سر انجام دینے کے بعد بھی فوجی منصوبوں سے وابستہ رہے۔ ان کے وی لاگز عموماً موجودہ عسکری قیادت کے خلاف ہوتے ہیں جن میں وہ فوج میں موجود اپنے ’ذرائع‘ جنھیں وہ ’خاموش مجاہد‘ کہتے ہیں، کے حوالے سے دعوے اور الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔ حیدر رضا مہدی بھی وی لاگز بناتے ہیں اور یہ عادل راجہ کے ساتھ مل کر بھی وی لاگز بناتے رہے ہیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ سید حیدر رضا مہدی پاکستانی فوج کے ایک سابق افسر ہیں۔ ان کے اکاؤنٹ کے مطابق وہ ایک ’پاکستانی کینیڈین جیو پولیٹیکل تجزیہ کار ‘ ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایکٹ 1952 میں ان جرائم کا حوالہ دیا گیا ہے جن کا ٹرائل اس ایکٹ کے تحت اس صورت میں ہوتا ہے جب ان جرائم کا ارتکاب فوجی اہلکار کریں۔ تاہم اسی ایکٹ کے اطلاق کے حوالے سے کچھ شقوں میں یہ قانون بعض صورتوں میں عام شہریوں پر بھی نافذ ہوتا ہے۔ فوجی ایکٹ کے تحت کارروائی کی صورت میں ملزم کے خلاف ہونے والی عدالتی کارروائی کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کہا جاتا ہے اور یہ فوجی عدالت فوج کی جیگ برانچ کے زیر نگرانی کام کرتی ہے۔ اس عدالت کا صدر ایک حاضر سروس (عموماً لفٹیننٹ کرنل رینک) فوجی افسر ہوتا ہے۔ استغاثہ کے وکیل بھی فوجی افسر ہوتے ہیں۔ یہاں ملزمان کو وکیل رکھنے کا حق دیا جاتا ہے۔ اگر کوئی ملزم پرائیویٹ وکیل رکھنے کی استطاعت نہ رکھتا ہو تو فوجی افسر ان کی وکالت کرتے ہیں۔ انھیں ’فرینڈ آف دی ایکیوزڈ‘ کہا جاتا ہے۔ یہاں ہونے والی کارروائی کے بعد ملزم اپیل کا حق رکھتا ہے

Back to top button