پشاور کے یوسف خان بھارت کے دلیپ کمار کیسے بنے؟
تقسیم ہند سے قبل حالیہ پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں یوسف خان کے نام سے جنم لینے والے لیجنڈری بولی وڈ اداکار دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں 7 جولائی کو مداحوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئے۔
ٹھیک اٹھانوے سال پہلے پشاور کے بڑے خاندان میں ایک خوبرو لاڈلا پیدا ہوا اور اس کا نام یوسف خان رکھا گیا۔ غلام سرور خان جو پھلوں کا کاروبار کرتے تھے، 12 بچوں کے باپ تھے جن میں یوسف کا نمبر چوتھا تھا۔ جب یوسف صرف چھ سال کے تھے تو ان کے والد پورے خاندان کو لے کر ممبئی منتقل ہو گئے، تب تک بر صغیر کا بٹوارہ نہیں ہوا تھا۔
پشاور سے ممبئی منتقلی کے بعد یوسف نے وہاں اسکول اور کالج میں تعلیم پائی، جنگ کے دنوں میں والد کا کاروبار نقصان میں جانے کے باعث انہوں نے ایک دو جگہ نوکریاں بھی کیں لیکن قسمت کو شاید کچھ اور ہی منظور تھا۔
ایک روز اچانک ان کی ملاقات اس زمانے کی مشہور اداکارہ اور بمبئی ٹاکیز کی دیویکا رانی سے ہوئی جنہوں نے یوسف کو اداکار بننے کی پیشکش کرتے ہوئے 500 روپے کی بیش قیمت تنخواہ کے ساتھ ساتھ سالانہ 200 روپے اضافے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
دیویکا کے خیال میں ایک رومانوی ہیرو پر یوسف خان کا نام نہیں جچتا لہٰذا انہوں نے یوسف کو تین نام جہانگیر، واسو دیو اور دلیپ کمار تجویز کیے جن میں سے یوسف نے آخری نام کا انتخاب کیا۔
یوسف کے خیال میں یہ نام اس لحاظ سے بھی بہترین تھا کیوں کہ اس طریقے سے ان کے قدامت پسند والد کے سامنے ان کی اصلیت بھی آشکار نہیں ہو سکی تھی جو سینما سے وابستہ ہر شخص کو نوٹنکی والا کہتے تھے۔
ایک اتفاقی ملاقات نے یوسف کی زندگی بدل دی لیکن اس ملاقات کے ساتھ ہی فلم کی دنیا میں اداکاری کا انداز بھی بدل گیا۔
دلیپ کمار کو رومانوی ہیرو بھی کہا جاتا رہا—فائل فوٹو: فیس بک
یوسف خان نے تھیٹر کے انداز سے اداکاری کرنے کے بجائے عام زندگی میں بات چیت کے لیے اپنائے جانے والے انداز کو ترجیح دی، جس کے بعد دوسرے اداکاروں نے ان کی نقل شروع کر دی۔
یوسف نے 1944 سے 1997 کے درمیان 53 سال میں فقط 63 فلموں میں کام کیا لیکن اس دوران وہ جو کردار بھی کرتے، اس میں خود کو ڈھال لیتے۔ جیسے کہ انہیں فلم کوہ نور کے ایک منظر میں ستار بجانا تھا تو انہوں نے اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلیے خصوصی طور پر ایک ستار کے استاد سے تربیت لی۔
اس طرح جب فلم نیا دور میں انہیں ٹانگے ڈرائیور کا کردار ملا تو انہوں نے اس کام سے وابستہ لوگوں کی زندگی اور ان کے کام کے انداز کو جاننے کیلیے خاص طور پر اس پیشے سے وابستہ لوگوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔
دیو آنند اور راج کپور کو کبھی کبھی دلیپ جی کا ہم عصر اداکار کہا جاتا ہے تاہم اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ ان جیسا ورسٹائل اور ہرفن مولا کوئی نہ تھا۔