پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان، پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمت کا اعلان کر دیا ہے،جس کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافہ جب کہ پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
حکومت نے اگلے 15 روز کےلیے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے اضافہ کر دیا ہے جب کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا جس کےمطابق وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اگلے 15 روز (16 تا 31 اکتوبر) کےلیے فی لیٹر 5 روپے اضافہ کیا۔
نوٹی فکیشن کےمطابق 5 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ پیٹرول کی قیمت 247 روپے 3 پیسےفی لیٹر پر برقرار ہے۔
یاد رہے کہ 30 ستمبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول 2 روپے اور ڈیزل 3روپے 40 پیسےسستا کر دیا تھا۔
گزشتہ ماہ 15 ستمبر کو حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپےاور ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 6 پیسے کمی کا اعلان کیا گیاتھا۔
اس سے قبل 31 اگست کو وفاقی حکومت نے پیٹرول 1.86 روپے اور ڈیزل 3.32 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے قبل 15 اگست کو پیٹرول کی قیمت 8.47 روپے اور ڈیزل کی قیمت 6.7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔
یکم جون 2024 سے لےکر اب تک حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21.23 روپے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 18.67 روپے فی لیٹر تک کمی کی جاچکی ہے۔
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع
واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں (16 تا 31 اکتوبر) کےلیے اضافے کا امکان ظاہر کیاگیا تھا، جس کی بنیادی وجہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور بحران کے سبب عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا بڑھناہے۔
باخبر سرکاری ذرائع کا کہنا تھاکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5.50 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کےنرخ میں 13 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایاگیا، جس کا اطلاق 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک کےلیے ہوگا۔
یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ تقریباً دو ہفتوں کے دوارن پیٹرول کی قیمت میں اوسطاً 2.8 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 7 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہواہے۔
پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں اور رکشوں میں استعمال ہوتا ہے، اس کی قیمتوں میں تبدیلی براہ راست متوسط طبقے کو متاثر کرتی ہے۔a