پی آئی اے کا بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) آخری لمحات میں نجی ایئرلائنز کی جانب سے پروازیں منسوخ ہونے پر خلیجی ممالک میں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں کو واپس وطن لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ سے قبل خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے خصوصی پروازیں روانہ کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نجی ایئر لائنز کی جانب سے پروازیں منسوخ کیے جانے کے بعد ہزاروں پاکستانی بیرون ممالک پھنس گئے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بوئنگ 777 کی چار پروازیں قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے مختص کی جاچکی ہیں، جبکہ دو مزید پروازیں آئندہ ایک دو روز میں شیڈول کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بوئنگ 777 کو بحرین کے لیے ایئربس کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا، بوئنگ777 ایئرکرافٹ میں ایئربس کے مقابلے تین گنا زیادہ گنجائش ہے۔
پی آئی اے کے سی ای او بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ضروریات کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہے ہیں، انہوں نے پریس ریلیز میں کہا کہ مسافروں کی مانگ کے مطابق پروازوں کی تعداد کا تعین کیا جائے گا۔
ارشد ملک نے کہا کہ قوم، قومی فریضہ پورا کرنے میں پی آئی اے کو سب سے آگے پائے گی، انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ایئرلائنز کی طرح ہم اپنے ہم وطنوں کو بیرون ملک بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔