کالعدم تحریک لبیک پاکستان کو فنڈز دینے پر پابندی عائد

کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شمولیت کے بعد ٹی ایل پی کو فنڈز دینے پر پابندی ہوگی۔
تحریک لبیک پاکستان کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلی گئی ہے، اور قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) نے ٹی ایل پی کو کالعدم جماعتوں کی فہرست میں 79 ویں نمبر پر شامل کیا ہے۔
نیکٹا کے مطابق کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شمولیت کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو فنڈز دینے پر پابندی ہوگی، اور اس تنظیم کو خیرات، صدقات یا کسی قسم کی امداد دہشتگردوں کی مالی معاونت کے مترادف ہوگی۔ نیکٹا نے تحریک لبیک پاکستان کے اثاثوں کے تعین کیلئے وزارت داخلہ کےچیف سیکرٹریز کو خط لکھ دیا ہے۔
دوسری طرف وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ درجنوں لوگوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز ہورہا ہے۔وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نادرا، سیف سٹی لاہوراوردیگراداروں پرمشتمل خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جوپولیس پرتشدد میں ملوث لوگوں کی ویڈیوزکے ذریعے نشاندہی کررہا ہے ۔وفاقی وزیرنے کہا کہ اب تک درجنوں لوگ شناخت کرلئے گئے ہیں اوران کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغازہو رہا ہے، ضلعی انتظامیہ تمام تقاریر کو بھی مانیٹرکرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزوزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کا لعدم قرار دیتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button