کرونا، مزید 30 افراد اموات ، 48ہزار سے زائد فعال کیسز

اسلام آباد: کرونا کے خوفناک وار جاری ہیں ، ملک بھر میں مزید 30افراد انتقال کر گئے، پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 48ہزار 850ہو گئی۔
جان لیوا وائرس سے اموات اور کیسز میں اضافہ، شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، ملک بھر میں مزید 30افراد زندگی کی بازی ہار گئے ،مجموعی اموات کی تعداد 22ہزار 811تک پہنچ گئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4اعشاریہ نو پانچ ریکارڈ کی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 48ہزار 850 ہے، مجموعی کیسز کی تعداد 9لاکھ 91ہزار 727ہو گئی۔ پاکستان میں 2ہزار 452 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 9لاکھ 20ہزار 66افراد صحت یاب ہوئے۔
اعدادو شمار کے مطابق پنجاب میں 3لاکھ 50ہزار 618، سندھ میں 3لاکھ 56ہزار 929، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 40 ہزار 818، بلوچستان میں 29ہزار 110 اور اسلام آباد میں 84ہزار 722 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 22ہزار 116 اور گلگت بلتستان میں 7ہزار 414افرادکورونا سے متاثر ہوئے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4644 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1083 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور اس طرح شہر میں مثبت کیسز کی شرح 23.32 فیصد رہی۔
ترجمان نے بتایا کہ حیدرآباد میں 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 5.58 فیصد اور سندھ کے دیگر اضلاع میں 2.06 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ صوبے بھر میں یہ شرح 8.54 فیصد رہی۔ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں کورونا وائرس سے 18 افراد انتقال کرگئے
پاکستان میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ کیسز میں تعداد میں سب سے خطرناک بات کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی موجودگی ہے اور ایک مرتبہ پھر کووِڈ سے متعلق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کی اپیل کی۔
گوجرانوالہ میں ضلعی حکام نے پاک فوج سے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی درخواست کی۔ضلعی صحت افسر گوجرانوالہ ڈاکٹر فریحہ اکرم ملک نے ڈان کو بتایا کہ ضلعی کمشنر سہیل خواجہ نے ایس او پیز کے نفاذ میں عملدرآمد میں مدد کے لیے فوجیوں کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔
علاوہ ازیں گوجرانوالہ کے کچھ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی لگادیا گیا ہے جہاں داخلی و خارجی مقامات پر نگرانی کے لیے ٹیمز تعینات ہیں، ضلع میں اب تک 390 افراد کورونا کے سبب انتقال کر چکے ہیں۔ملک میں وائرس کی چوتھی لہر کے خدشے کے پیشِ نظر پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ ‘ذمہ دار شہری بنیں اور اپنے آپ کو اور دوسروں کو عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک 19 کروڑ سے زائد افراد کووِڈ 19 سے متاثر ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر کا کووِڈ ڈیٹا مرتب کرنے والی ورلڈ میٹرز انفو نامی ویب سائٹ کے مطابق برازیل ایک کروڑ 90 لاکھ کیسز کے ساتھ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا ملک ہے جبکہ فرانس، ترکی اور برطانیہ میں 50، 50 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔ممالک کی فہرست میں 35 لاکھ کورونا کیسز کے ساتھ ایران تیرہویں، انڈونیشیا 28 لاکھ کیسز کے ساتھ پندرہویں، بنگلہ دیش 11 لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ چھبیسویں اور متحدہ عرب امارات 6 لاکھ 60 ہزار کیسز کے ساتھ چالیسیوں اور سعودی عرب 5 لاکھ کیسز کے ساتھ پینتالیسویں نمبر پر موجود ہے۔