کرونا سے محفوظ دنیا کے خوش نصیب ممالک کونسے؟

چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس سے آج تقریباً پوری دنیا متاثر ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود اب بھی 15 خوش قسمت ممالک ایسے بھی ہیں جہاں اب تک کوئی ایک بھی کرونا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
وائرس سے محفوظ 15 میں سے 10 ممالک یا خطے دراصل بحر اوقیانوس کے جزائر پر مشتمل چھوٹے ممالک ہیں، جن میں کیریباتی، جزائر مارشل، مائیکرونیشیا، ناورو، پلاؤ، سامووا، جزائر سلیمان، ٹونگا، تووالو اور وانواتو شامل ہیں۔ان تمام ممالک میں کووڈ 19 سے بچنے کےلیے لاک ڈاؤن یا قومی ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے جب کہ وباء سے متاثرہ ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی گئی۔ مائیکرونیشیا، وانواتو ، کیریباتی ور ٹونگا میں ایمرجنسی کا نفاذ، سرگرمیوں پر پابندی اور سرحدوں کو بند کیا گیا۔ جزائر سلیمان ان اولین ممالک میں سے ایک ہے جس نے متاثرہ ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کی۔
اسی طرح شمالی کوریا، ترکمانستان اور تاجکستان ایشیاء کے وہ تین ممالک ہیں جہاں اب تک کرونا وائرس کے کسی کیس کی تصدیق نہیں کی گئی۔ شمالی کوریا چین کا پڑوسی ملک ہے جو اس وباء سے سب سے پہلے متاثر ہوا جب کہ کوریا کے ارگرد کے تمام ممالک میں بھی وائرس کے کیسز سامنے آچکے ہیں مگر اس ملک کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی کرونا وائرس سے محفوظ ہے، حالانکہ وہاں کا نظام صحت ناقص ہے۔
اسی طرح وسط ایشیائی ممالک تاجکستان اور ترکمانستان دنیا سے کافی الگ تھلگ رہنے والے ممالک ہیں جہاں بہت کم سیاح آتے ہیں جب کہ وہاں سنسر شپ بھی کافی سخت ہے۔ ترکمانستان کی سرحد ایران سے ملتی ہے جو اس وبا سے متاثر ہونے والے چند بڑے ممالک میں سے ایک ہے، وہاں لفظ کرونا کے استعمال پر ہی پابندی عائد کی جاچکی ہے، اسی طرح تاجکستان میں بھی صحافیوں پر بہت زیادہ پابندی ہے تو آزادانہ اطلاعات کی فراہمی بہت مشکل ہے۔
کرونا سے محفوظ بحرالکاہل میں موجود 10 جزائر میں سے 3 کی آبادی 20 ہزار سے بھی کم ہے۔ یہ ایسے ممالک ہیں جو باقی دنیا سے کٹے ہوئے ہیں اور بہت کم سیاح ان کا رخ کرتے ہیں۔ ان میں صحت کی بہت کم سہولتیں دستیاب ہیں۔ اس لیے یہ ممالک ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ وائرس ان تک نہ پہنچ سکے، کیونکہ پھر صورتحال کو کنٹرول میں لانا ان کے لیے مشکل ہوجائے گا۔ان کے علاوہ وہ 42 خود مختار علاقے یا جزائر جہاں وائرس نہیں پہنچا، ان میں سے 10 فرانس اور 7 برطانیہ کے زیر قبضہ ہیں جو خود وبا سے شدید متاثر ہیں۔