کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کا مجسمہ نصب

بلوچستان کے دارالحکومت میں شہرت یافتہ سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کا مجسمہ نصب کردیا گیا۔
زندگی بھر انسانیت کی خدمت کرنے والے سماجی رہنما کا فائبر سے تیار کردہ طویل القامت مجسمہ ہاکی چوک پر ان کی پانچویں برسی کے موقع پر نصب کیا گیا۔
عبدالستار ایدھی کا مجسمہ بلوچستان کے آرٹسٹ اسحاق لہری نے تیار کیا جو کہ 17 فٹ اونچا اور 4 فٹ چوڑا ہے۔
مجسمے کی تقریب رونمائی میں عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی اور بلوچستان کے وزیر داخلہ ظفر اللہ لانگو سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ عام افراد نے بھی شرکت کی۔
تقریب رونمائی سے خطاب کے دوران ظفر اللہ لانگو نے عبدالستار ایدھی کو ان کی فلاحی خدمات کے عوض خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ایدھی صاحب کا انسانیت کی خدمت کا مشن ہر حال میں جاری رہنا چاہیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے بلوچستان کے لوگوں کا والد صاحب سے محبت اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کے والد صاحب نے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کا سفر کرکے انسانیت کی خدمت کی۔
فیصل ایدھی نے مجسمہ تیار کرنے پر اسحاق لہری اور ان کی مدد کرنے والے ادارے پرائمری ہیلتھ کیئر انسٹی ٹیوٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
آرٹسٹ اسحاق لہری کو عبدالستار ایدھی کا مذکورہ مجسمہ تیار کرنے میں تین ماہ لگے اور انہوں نے فائبر سے ان کا مجسمہ تیار کیا۔