کورونا سے بچنے کےلیے اللہ سے معافی مانگیں

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ کورونا کا تدارک صرف احتیاط اور اللہ تعالی سے دعا اور معافی سے ہی ممکن ہے۔ ہر شخص احتیاط کر کے خود کو اور اپنے پیاروں کو محفوظ رکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی آئٹم یا میزائل کورونا سے نہیں بچا سکتا۔کورونا سے بچنے کا واحد حل اسلامی تعلیمات پر عمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا بیماری اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے، اس کا تدارک صرف احتیاط، اللہ تعالیٰ سے دعا اور معافی سے ہی ممکن ہے، پوری دنیا میں پہلی مرتبہ ایسا دیکھنے میں آ رہا ہے کہ باپ بیٹے سے، ماں بیٹی سے، بہن بھائی سے نہیں مل پا رہے، ایک عجیب سی فضا پیدا ہوگئی ہے اس میں ہر انسان کا فرض بنتا ہے کہ وہ احتیاط سے خود کو اور اپنے پیاروں کو بھی محفوظ رکھے۔
وہ آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنمائوں سینیٹر کامل علی آغا اور میاں عمران مسعود سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ ہمارے ملک میں سیاسی اور سماجی سطح پر اس بیماری کے حوالے سے کوئی ہم آہنگی نہیں پائی جاتی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس بیماری کے ذریعے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کوئی ایٹم بم یا میزائل ہمیں کورونا سے نہیں بچا سکتا۔
انہوں نے کامل علی آغا سے کہا چونکہ آپ کا لوہے کا کاروبار ہے، آپ انتظار کریں چار ارب روپے کا میزائل اب لوہے کے بھائو بکے گا، آپ بھی اس کی بولی میں حصہ لیں ہو سکتا ہے کہ یہی میزائل چار سو روپے میں مل جائے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ نجات صرف اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور اس سے معافی طلب کرنے میں ہے، اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا یہی واحد راستہ ہے جس کو اپنا کر ہم اپنی دنیا اور آخرت بہتر بنا سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button