کورونا ویکسین لگواتے وقت درد سے ’چیخنے‘ کی حرا مانی کی ویڈیو وائرل

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے اور عام شخصیات کی طرح شوبز شخصیات بھی ویکسین لگوانے میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔
کورونا ویکسین لگواتے وقت مرد و خواتین حضرات کی تکلیف سے ’رونے‘ یا ’چیخ اٹھنے‘ کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں۔
تاہم حال ہی میں اداکارہ حرا مانی کی ویکسین لگواتے وقت درد کی وجہ سے ’چیخنے‘ کی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔
مذکورہ ویڈیو کو سب سے پہلے حرا مانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا تھا، جس کے بعد ان کی ویڈیو کو دوسرے افراد نے سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کیا۔
تقریبا ڈھائی منٹ دورانیے کی ویڈیو میں حرا مانی کو ویکسینیشن سینٹر میں نیلے رنگ کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں اگرچہ حرا مانی کے شوہر دکھائی نہیں دے رہے، تاہم ان کی آواز صاف سنائی دے رہی ہے جو اہلیہ کو مزاحیہ انداز میں بتاتے سنائی دیتے ہیں کہ ویکسین لگوانے کی تصویر کھچوا کر سوشل میڈیا پر لازمی شیئر کرنی ہے، تاکہ ویکسین اثر کرے۔ویڈیو میں اداکارہ کے شوہر بتاتے ہیں کہ حرا مانی ویکسین کا دوسرا ڈوز لگوا رہی ہیں اور دوسرے ڈوز کے بعد کورونا ان سے دور ہوجائے گا۔
ساتھ ہی وہ بتاتے سنائی دیتے ہیں کہ جب انہوں نے ویکسین لگوائی تھی تو ان سے نہ تو ’میگنٹ‘ چپ کر رہا تھا اور نہ ہی انہیں بجلی کا کرنٹ آ رہا تھا۔اسی دوران طبی رضاکار حرا مانی کو ویکسین لگاتے ہیں اور ویکسین لگاتے وقت درد ہونے پر اداکارہ کو ’چیختے‘ ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ساتھ ہی اداکارہ درد ہونے پر طبی رضاکار سے استفسار کرتی ہیں کہ انہیں اتنی تکلیف کیوں ہو رہی ہے؟ویڈیو میں ویکسین لگنے کے درد کی وجہ سے حرا مانی کے چہرے کے تاثرات تبدیل ہوتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں اور ساتھ ہی وہ ویکسین لگنے کے بعد آہستہ بولی وڈ گانا ’کبھی خوش، کبھی غم‘ گنگناتی سنائی دیتی ہیں۔
ویڈیو میں حرا مانی اس بات پر بھی تعجب کا اظہار کرتی دکھائی دیں کہ لوگ نہ جانے کیوں کورونا سے تحفظ کی ویکسین نہیں لگوا رہے ہیں؟اداکارہ کی جانب سے ویکسین لگاتے وقت ’چیخ‘ اٹھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ مزاحیہ انداز میں اداکارہ پر تبصرے کرنے لگے۔
بعض افراد نے اداکارہ کی ویڈیو پر کمنٹس کیے کہ انہیں اس لیے درد ہوا، کیوں کہ طبی رضاکار نے ویکسین لگانے کے لیے درست پوزیشن نہیں لی۔

Back to top button