کیا عامر خان کی طلاق کا سبب فاطمہ ثنا شیخ ہیں؟

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کی جانب سے 3 جولائی کو طلاق کی تصدیق کیے جانے کےبعد جہاں ان کے مداح پریشان دکھائی دے رہے ہیں، وہیں ان کی طلاق کے بعد چہ مگوئیاں بھی شروع ہوگئیں۔

عامر خان اور کرن راؤ کی جانب سے تصدیق کیے جانے کے بعد بھارت سمیت پاکستان میں بھی ٹوئٹر پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور لوگوں نے عامر خان کے حوالے سے کئی انکشافات بھی کیے۔

بھارتی ویب سائٹ ’فری پریس جرنل‘ کے مطابق عامر خان کی طلاق کے بعد ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور لوگ اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کو ان کی طلاق کے معاملے میں لے آئے۔

کئی لوگوں نے ٹوئٹس کیں کہ عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق کی ممکنہ وجہ فاطمہ ثنا شیخ ہیں، جن سے مسٹر پرفیکشنسٹ کے تعلقات کی خبریں کچھ سال سے زیر گردش تھیں۔

کئی لوگوں نے اپنی ٹوئٹس میں دعویٰ کیا کہ عامر خان نے کرن راؤ کو فاطمہ ثنا شیخ کے چکر میں ہی طلاق دی ہے، ساتھ ہی کچھ افراد نے ان کے لیے لکھا کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کا صرف قد چھوٹا ہے، باقی ان کے کام بڑے ہیں۔

Back to top button