کے الیکٹرک کی نیپرا سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 5 ارب 60 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست
کے الیکٹرک نے رواں سال کے چار ماہ (جنوری تا اپریل 2021) کےلیے ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کے ذریعے صارفین سے 5 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد اضافی چارجز موصول کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو دی گئی اپنی درخواست میں کراچی میں موجود نجی پاور یوٹیلیٹی نے ریگولیٹر سے درخواست کی ہے کہ وہ ماہانہ ایف سی اے کے تحت تین ماہ کےلیے 7 ارب 17 کروڑ 40 لاکھ روپے کے اضافی مالی بوجھ کی منتقلی اور اگلے مہینے کےلیے تقریباً ایک ارب 60 کروڑ روپے کے ری فنڈ کی اجازت دے۔اس کے علاوہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ٹیرف میں فی یونٹ مزید 37 پیسے اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اپنی درخواست میں کے الیکٹرک نے جنوری سے اپریل کی مدت کےلیے ایندھن کے اخراجات کی لاگت اور ملٹی ایئر ٹیرف (ایم وائی ٹی) 2017-2023 کے تحت مارچ میں ختم ہونے والی سہ ماہی میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا دعویٰ کیا ہے۔جنوری، فروری اور مارچ کےلیے ماہانہ ایف سی اے کے تحت کے ای نے 7 ارب 17 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بوجھ منتقل کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ ایف سی اے کے تحت اپریل میں 87 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی ہے۔جنوری کےلیے کے ای نے ٹیرف میں 1.978 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے جس سے کمپنی کراچی کے بجلی صارفین سے 2 ارب 5 کروڑ 30 لاکھ روپے وصول کرسکتی ہے۔فروری کےلیے اس نے اضافی 2 ارب 77 کروڑ 30 لاکھ روپے اکٹھا کرنے کےلیے فی یونٹ 2.495 روپے اضافے کی درخواست کی ہے۔اسی طرح مارچ کےلیے کمپنی نے صارفین پر 2 ارب 34 کروڑ 80 لاکھ روپے کے بوجھ کی منتقلی کےلیے ٹیرف میں 1.497 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے۔دوسری جانب کے ای نے ایندھن کی لاگت میں ایڈجسٹمنٹ میں ایک ارب 60 کروڑ روپے کےلیے 87 پیسے فی یونٹ کمی کی کوشش کی ہے۔ایم وائی ٹی میں فراہم کردہ طریقہ کار کے مطابق کے ای نے ایندھن کے علاوہ بجلی کی خریداری کی قیمت (پی پی پی) میں تبدیلیوں، ٹرانسمیشن کے اثرات اور آپریشنل نقصانات کی وجہ سے ٹیرف میں جنوری سے مارچ کےلیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کےلیے بھی علیحدہ درخواست دائر کی ہے۔اس معاملے میں کے ای نے ٹیرف میں 37 پیسے فی یونٹ اضافہ طلب کیا ہے۔واضح رہے کہ کیو ٹی اے حکومت کی منظوری سے مشروط ہیں۔نیپرا ان درخواستوں پر 15 جون کو عوامی سماعت کرے گی اور اس نے سماعت کےلیے مداخلت کاروں سے کئی سوالات کے جوابات طلب کرلیے ہیں۔عوامی سماعت میں نیپرا اس بات کا تعین کرے گا کہ آیا مطلوبہ ایندھن کی قیمتوں میں تبدیلیاں اور سہ ماہی تغیرات کا جواز پیش کیا گیا ہے یا نہیں۔