گلوکار عاطف اسلم ، اداکارہ سجل کی ایک ساتھ کام کرنے کی تصدیق

نامور گلوکار عاطف اسلم اور معروف اداکارہ سجل علی نے تصدیق کی ہے کہ دونوں پہلی بار جلد ہی ایک گانے میں رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

عاطف اسلم نے 9 جولائی کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں سجل علی کے ساتھ آنے والے گانے کی پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ جلد ہی دونوں اسکرین پر دکھائی دیں گے۔
’رفتہ رفتہ‘ کے عنوان سے بنائے جانے والے گانے کی شاعری راج رنجھود نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی بھی انہوں نے ہی ترتیب دی ہے۔ہدایت کار حسن بلوچ کے گانے کو ترن چوہدری نے پروڈیوس کیا ہے اور گانے میں سجل علی پہلی بار عاطف اسلم کے ساتھ جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔سجل علی نے بھی 9 جولائی کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ’رفتہ رفتہ‘ کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ جلد ہی ان کا گانا ریلیز کردیا جائے گا۔
سجل علی سے قبل حال ہی میں عاطف اسلم پہلی بار سائرہ یوسف کے ساتھ بھی فروری میں ’رات‘ ریلیز کیا تھا، جس میں دونوں کے انداز کو سراہا گیا تھا۔اسی طرح گزشتہ ماہ جون کے اختتام پر عاطف اسلم کا ’دل جلانے کی بات‘ بھی ریلیز ہوا تھا، جس میں وہ راقیل والڈیز کے ساتھ دکھائی دیے تھے۔’دل جلانے کی بات‘ دراصل ملکہ ترنم نورجہاں کے ماضی کے مقبول گانے ’آشیانے کی بات‘ کا نیا ورژن تھا۔
علاوہ ازیں عاطف اسلم نے رواں برس اپریل میں ماہ رمضان المبارک میں عاجزانہ کلام ‘مصطفیٰ جان رحمت’ بھی ریلیز کیا تھا۔ اس سے قبل مئی 2020 میں انہوں نے کورونا کی وبا کے دوران اسما الحسنیٰ جاری کی تھی، ان کی اسما الحسنیٰ کی ویڈیو کوک اسٹوڈیو 2020 کا حصہ تھی۔

Back to top button