ہمارا اتحاد تحریک انصاف سے نہیں عمران خان سے ہے

مسلم لیگ ق کے رہنما اوروفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ ہمارا اتحاد تحریک انصاف کے ساتھ نہیں بلکہ صرف عمران خان کے ساتھ ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے واضح کیا کہ ان کی جماعت حکومت میں تو شامل ہے لیکن ان کا تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد نہیں بلکہ ان کی جماعت کا اتحاد صرف وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔ طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ اگر ان کی جماعت نے تحریک انصاف کی حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا تو اس بات کو چھپایا نہیں جائے گا اور اس حوالے سے صاف صاف الفاظ میں اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روز سے پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنماوں کی جانب سے نواز شریف کے حق میں دئیے جانے والے بیانات کے بعد معاملات خراب ہوئے اور یہ خبریں سامنے آئیں کہ ق لیگ اب حکومت سے الگ ہونے کا سوچ رہی ہے۔ رہنما ق لیگ اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے نواز شریف سے بیرون ملک روانگی کیلئے ضمانت مانگنے کے حکومت کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔جبکہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ ان کی جماعت کے بندوں کو توڑ کر تحریک انصاف میں شامل کروایا گیا۔ ان بیانات کے بعد دونوں جماعتوں کے تعلقات کشیدہ ہوئے۔ تاہم اس حوالے سے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ اگر مسلم لیگ ق نے ایسا کوئی فیصلہ کیا تو اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button