ہیٹی کے صدر جووینل موئس کو ان کے گھر میں قتل کردیا گیا

ہیٹی کے صدر جووینل موئس کو مسلح افراد کے گروپ نے ان کے گھر میں قتل کردیا۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہیٹی کے قائم مقام وزیراعظم کلاوڈے جوزف نے اعلان کیا کہ صدر جووینل موئس کو گھر میں قتل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہ مقتول صدر کی اہلیہ زخمی ہیں اور انہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے اور انہوں نے عوام سے پرسکون رہنے پر زور دیا اور کہا کہ پولیس اور فوج عوام کا تحفظ یقینی بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر کو ان کے گھر میں غیرملکیوں نے قتل کردیا ہے جو انگریزی اور ہسپانوی زبان بولتے تھے۔

مقتول صدر جووینل موئس نے 2018 میں ہیٹی میں اٹھنے تنازعات کےباعث عام انتخابات کے التوا کے بعد خصوصی فرمان پر حکومت کر رہے تھے جبکہ ان کی مدت حکمرانی بھی ختم ہوچکی تھی۔

امریکی کے کیریبین ریجن کے ملک میں سیاسی تناو، حالیہ مہینوں میں اغوا برائے تاوان اور مسلح گینگ کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ہیٹی میں بدترین غربت اور قدرتی آفات کا بھی سامنا ہے۔
متعدد بحران
ہیٹی میں صدارتی، پارلیمانی اورمقامی انتخابات بھی ستمبرمیں شیڈول ریفرینڈم کے بعد متوقع ہیں جو کورونا وائرس کی وجہ سے دو مرتبہ ملتوی ہوگئےتھے۔

جووینل موئس کی حمایت سے کیے گئے آئینی اصلاحات میں انتظامیہ کو مضبوط کیا گیا تھا لیکن اپوزیشن اور سول سوسائٹی کی کئی تنظیموں نے اس کی شدید مخالفت کی۔

ہیٹی میں اس نافذ آئین 1987 میں تیار کیا گیا تھا جب اس کے وقت کے آمر ڈوالیئر کی حکومت ختم ہوئی تھی اور اس آئین کے مطابق مقبول مشاورت کی غرض سے ریفرنڈم کے ذریعے کسی قسم کی تبدیلی کی گنجائش نہیں ہے۔

ناقدین نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں امن و عامہ کی خراب صورتحال کے باعث انتخابات کا انعقاد ناممکن ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، امریکا اور یورپ نے 2021 کے آخر تک آزادانہ اور شفاف پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔

Back to top button