یوگنڈا میں وزیر کی گاڑی پر فائرنگ، بیٹی اور ڈرائیور ہلاک

مشرقی افریقی ملک یوگنڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ اور سابق فوجی کمانڈر گاڑی پر فائرنگ میں محفوظ رہے تاہم ان کی بیٹی اور ڈرائیور ہلاک ہوگئے۔
مشرقی افریقی ملک یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں وزیر ٹرانسپورٹ جنرل کُٹمبا وامالا کی گاڑی موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ میں وزیر شدید زخمی ہوگئے تاہم ان کی بیٹی اور ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔یوگنڈا فوج کی ترجمان بریگیڈیئر فلاویہ بائیکاوسو نے میڈیا کو بتایا کہ حملے میں وزیر ٹرانسپورٹ کو ایک گولی لگی ہے اور انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں کٹمبا کو حملے میں تباہ ہونے والی گاڑی کے باہر پریشان حالت میں دکھا جا سکتا ہے جب کہ ان کپڑوں سے بہتے ہوئے خون سے پتہ چلتا ہے کہ وہ بھی شدید زخمی ہیں۔
مشرقی افریقی ملک میں حالیہ برسوں میں متعدد قتل اور ہائی پروفائل اہلکاروں کی پراسرار ہلاکتیں ہوئیں ، جس سے مجرموں اور ان کے محرکات کے بارے میں قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ یوگنڈا میں سرکاری حکام پر قاتلانہ حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور چند ماہ کے دوران ایک مسلم رہنما، پولیس چیف، پراسیکیوٹر سمیت کئی حکومتی عہدیدار مارے گئے۔

Back to top button