اداکارہ نمرہ خان کے شوہر نے طلاق کی تصدیق کردی

اداکارہ نمرہ خان کے شوہر کی جانب سے طلاق کی تصدیق کیے جانے کے بعد نمرہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ مردہ بیٹی سے طلاق یافتہ بیٹی زیادہ بہتر ہوتی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ خواتین کی طلاق، ان پر گھریلو تشدد اور شادیوں کی ناکامی پر جذباتی انداز میں بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ وائرل ہونے والی ویڈیو کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا، جس میں وہ اپنی ناکام شادی پر بھی مبہم انداز میں بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ویڈیو میں اداکارہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ حالیہ دنوں میں ان کی صحت کے علاوہ جو بھی باتیں پھیل رہی ہیں، وہ ان پر بات نہیں کرنا چاہتیں، بس اتنا کہنا چاہتی ہیں کہ انسان کو غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔
اداکارہ کی جانب سے اپنی صحت کا ذکر کیے جانے سے عندیہ ملتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو نئی ہے، کیوں کہ حالیہ دنوں اداکارہ بیمار ہیں اور ان کی پیشاب کی نالی میں پتھری کا علاج ہو رہا ہے۔ اداکارہ کو مختصر ویڈیو میں مداحوں اور خاص طور پر خواتین اور والدین کو ہدایت کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ غلطیوں سے سیکھیں، وہ اپنی نہیں تو دوسروں کی غلطیوں اور باتوں سے بھی سیکھنے کی کوشش کریں۔نمرہ خان کہتی سنائی دیتی ہیں کہ لوگ ان کی غلطیوں سے بھی سیکھیں کہ انہوں نے کس طرح ستم اور ظلم برداشت کیے۔
اپنی مخصر ویڈیو کے دوران نمرہ بہت جذباتی ہوگئیں اور انہوں نے والدین کو پیغام دیا کہ طلاق یافتہ بیٹی مردہ سے زیادہ بہتر ہوتی ہے۔انہوں نے والدین کو کہا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو حوصلہ دیں کہ وہ مظالم کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں۔ ویڈیو میں انہون نے واضح طور پر اپنی شادی شدہ زندگی اور طلاق پر بات نہیں کی، تاہم ان کے انداز سے واضح ہوتا ہے کہ انکی ازدواجی زندگی انتہائی مشکلات کا شکار تھی۔ اگرچہ نمرہ خان نے واضح نہیں کیا کہ ان کی طلاق ہوگئی ہے یا نہیں، تاہم دو دن قبل ان کے شوہر راجا اعظم کی بھی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے اداکارہ کو طلاق دے دی ہے۔
اعظم کی وائرل ہونے والی ویڈیو سے بھی یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ کب بنائی گئی ہے، تاہم وہ سگریٹ نوشی کرتے ہوئے تصدیق کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ ان کے اور نمرہ خان کے درمیان طلاق ہوچکی ہے۔ یاد رہے کہ نمرہ خان اور راجا اعظم کی طلاق کی افواہیں تب شروع ہوئیں جب اداکارہ نے نعمان اعجاز کے شو میں شرکت کے دوران اپنی ازدواجی زندگی پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ اب وہ تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔
مذکورہ انکشاف کے بعد ان کی طلاق کی افواہیں شروع ہوئیں اور پھر راجا اعظم کی ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں وہ شادی ختم ہونے کی تصدیق کرتے دکھائی دیے۔
اب نمرہ کی بھی جذباتی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ پرتشدد ازدواجی کے بجائے طلاق کی اہمیت پر بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
یاد رہے کہ نمرہ خان اور راجا اعظم نے19 اپریل 2020 کوسادگی سے شادی کی تھی، تاہم اب ایک سال بعد ان کی طلاق ہونے کی خبریں آ گئی ہیں۔ طلاق کی خبر کے علاوہ نمرہ ان دنوں اپنی خراب صحت کی وجہ سے بھی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں، وہ پیشاب کی نالی میں پتھری کی وجہ سے علیل ہیں اور چند دن ہسپتال میں بھی رہی تھیں۔

Back to top button