’’اداکارہ یشما گل کے مداح پریشانی سے دوچار‘‘

معروف اداکارہ و ماڈل یشما گل کی جانب سے ہسپتال سے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے پر مداحوں کی بڑی تعداد پریشانی سے دوچار ہوگئی، اداکارہ نے آگاہ کیا کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان کا میڈیکل پراسیجر مکمل ہوگیا۔یشماگل نے میڈیکل پراسیجر مکمل ہونے سے قبل انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا تھا کہ وہ اپنی صحت کے لیے ایک چھوٹے میڈیکل پراسیجر سے گزریں گی، اس لیے مداح ان کی خیریت کے لیے دعائیں کریں، اداکارہ نے واضح نہیں کیا تھا کہ وہ کس طرح کے میڈیکل پراسیجر سے کیوں گزریں گی؟ انہیں کیا بیماری یا پیچیدگی لاحق ہے؟ تاہم ان کی جانب سے ہسپتال کے بستر سے شیئر کی گئی تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ اداکارہ کا چھوٹا آپریشن یا پھر بائیوپسی وغیرہ کا کوئی پراسیجر کیا گیا ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔بائیوپسی کا پراسیجر اس وقت ہوتا ہے جب کسی شخص میں کوئی غدود یا جسم کے کسی حصے میں مشکوک زخم ہوتا ہے اور ڈاکٹرز اس غدود یا جسم کے متاثر حصے سے کچھ ٹکڑا نکال کر اسے مزید تفتیش کے لیے لیبارٹری بھیجتے ہیں۔واضح نہیں کیا گیا کہ ان کا کس طرح کا میڈیکل پراسیجر مکمل کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد ان کے مداح پریشان دکھائی دیے، ساتھ ہی مداحوں اور شوبز شخصیات نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔ان کے میڈیکل پراسیجر کی تصاویر دوسرے شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کی گئیں، جہاں بعض صارفین نے کمنٹس کیے کہ اداکارہ نے پلاسٹک یا میک اپ سرجری کرائی ہوگی۔واضح رہے کہ حال ہی میں اداکارہ کو مختصر لباس پہننے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، یشما گل نے انسٹاگرام پر سردیوں میں مختصر اور بولڈ لباس پہن کر آگ پر ہاتھ سیکنے کی ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہوگئی، اداکارہ کی ویڈیو کو دوسرے سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، جہاں لوگوں نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے انسٹاگرام پر جاکر ان کی ویڈیو پر بھی سخت زبان استعمال کرتے ہوئے اداکارہ پر خوب تنقید کی۔بعض افراد نے انہیں مسلمان ہونے کے طعنے دیئے تو کچھ افراد نے لکھا کہ اداکارہ کو آج کل ڈراموں میں کوئی کام نہیں مل رہا، اس لیے ایسی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔
