بشریٰ انصاری نے پہلے شوہرکی تعریفوں کے پل کیوں باندھے؟

دوسری شادی کرنے والی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے پہلے شوہر اقبال انصاری کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کے لیے بہترین باپ ہیں اورآج بھی بطور باپ اپنی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔
پچھلے دو ماہ سے کینیڈا میں قیام پذیر بشریٰ انصاری نے ایک تازہ انٹرویو میں طلاق کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے اپنی 36 سالہ شادی شدہ زندگی کو بچانے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہیں۔ انکا کہنا تھا کہ انکی ازدواجی زندگی کے آخری 16 سال کسی اذیت سے کم نہ تھے لیکن انھوں نے اپنی دونوں بیٹیوں کیلئے گزارا کیا اور سب کچھ ہنسی خوشی قبول کیا۔ تاہم انہوں نے بیٹیوں کی شادیوں کا فریضہ سر انجام دیتے ہی اقبال انصاری سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا جس میں انھیں پوری فیملی کی پوری سپورٹ حاصل تھی۔ یاد رہے کہ شادی کے بعد بشریٰ کی دونوں بیٹیاں کینیڈا میں قیام پذیر ہیں۔
اپنی نجی زندگی کے بارے میں بہت کم بات کرنے والی ہنس مکھ بشریٰ انصاری نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ "میری طلاق کو کئی برس ہو چکے ہیں۔ نہ صرف میں نے بلکہ میرے سابق شوہر اقبال انصاری نے 36 سالہ ازدواجی زندگی میں بھرپور کوشش کی کہ ہم خوش رہیں لیکن آخری برسوں میں بہت مسائل تھے۔ پھر بھی ہم جڑے رہے۔ ہم نہیں چاہتے تھے کہ ہمارے کسی فیصلے یا علیحدگی سے اولاد کیلئے کوئی مسئلہ بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی شادی شدہ زندگی کو مزید وقت دینا چاہتے تھے تاہم جب دونوں بیٹیاں میرا اور نریمان اپنے اپنے گھروں کی ہوگئیں تو میرے اور اقبال انصاری کے مابین علیحدگی ہوگئی کیونکہ مزید مسائل سے بچنے کیلئے ہمارا جدا ہونا ہی ٹھیک فیصلہ تھا۔
تاہم بشری نے کہا کہ اقبال انصاری اپنی بیٹیوں کیلئے بہترین باپ ہیں۔ میں سمجھتی ہوں کہ اولاد کو ماں اور باپ دونوں کی ضرورت ہوتی ہے اسی لئے اقبال انصاری اور میں دونوں اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں۔ تاہم وہ نریمان کے ساتھ ہیں جبکہ میں دوسری بیٹی میرا کے گھر میں مقیم ہوں۔ بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ اقبال انصاری سے طلاق لینے کے فیصلے میں انھیں بیٹیوں اور فیملی کی پوری سپورٹ حاصل تھی اور وہ بھی اس فیصلے سے مطمئن ہیں۔
بشریٰ انصاری کا اپنی مشکلات بھری زندگی پر سے پردہ ہٹاتے ہوئے کہنا تھا کہ انھوں نے شادی کے بعد بہت مشکل وقت دیکھا۔ بچوں کی تعلیم و تربیت اور گھرداری سنبھالنے سمیت تمام ذمہ داریاں ان کے کندھوں پر تھیں لیکن کبھی انھوں نے کسی کے سامنے شکایت نہیں کی تاہم بچوں کی شادیاں ہو جانے کے بعد انھوں نے کھل کر جینے کا فیصلہ کیا اور اپنے شوہر اقبال انصاری سے راہیں جدا کر لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ ان کی نٹ کھٹ طبیعت پر تنقید کرتے ہیں کہ قبر میں ٹانگیں ہیں لیکن یہ اچھل کود سے ہی باز نہیں آتی ان کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا ٹرولز کے نازیبا القاب سے بالکل پریشان نہیں ہوتیں کیوں کہ وہ بری باتوں پر توجہ ہی نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو خوبصورت نظر آنے کا شوق ہے لہذا وہ ہمیشہ خوش رہتی ہیں۔ تنقید کرنے والے کھسماں نوں کھان۔ مینوں کوئی پرواہ نئیں”۔
یاد رہے کہ بشریٰ انصاری طلاق کے بعد ڈائریکٹر اور پروڈیوسر اقبال حسین سے شادی کر کے انتہائی خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button