’’دو ٹکے کی عورت کہنے پر عفت عمر کا ناقدین کو کرارا جواب‘‘

معروف اداکارہ عفت عمر نے دو ٹکے کی طلاق یافتہ عورت کہنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جو بھی لباس پہنیں ان کا ذاتی معاملہ ہے، لوگ ہوتے کون ہیں ان پر تنقید کرنے والے۔حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ شو میں گفتگو کرتے ہوئے عفت عمر نے کہا کہ لوگ خصوصاً ’بوائز کلب‘ انہیں ’دو ٹکے کی عورت اور طلاق یافتہ عورت‘ کہتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ تم چھوٹے کپڑے کیوں پہنتی ہو، کیا تمہیں شرم نہیں آتی۔عفت عمر کا کہنا تھا کہ یہ ’بوائز کلب‘ اس لیے اس طرح کی بات کرتا ہے کیونکہ وہ کھل کر ہر معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں۔’میں کھل کر اسٹیبلشمنٹ یا حکومت پر تنقید کرتی ہوں کیونکہ میں نے کبھی کوئی چوری نہیں کی اور نہ کبھی کرپشن کی۔‘ مزید بتایا کہ ان کے کوئی اسکینڈل نہیں ہیں تو لوگ ان کے خلاف اور کیا نکال کر لا سکتے ہیں، ’سچ بولنا میری کمزوری ہے۔اداکارہ نے بتایا، ’میرا تعلق ایک اچھے خاندان سے ہے، عمر بیوروکریٹ ہیں، میرے جیٹھ آئی جی ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک میرے بہترین دوست ہیں، لیکن آج تک کسی سے کوئی فیور نہیں مانگی، مجھ جیسی خواتین جب باہر نکلتی ہیں تو لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ یہ باہر کیوں نکل رہی ہیں، یہ تو ہیں ہی اس طرح کی جو دوپٹہ بھی نہیں لیتیں، ’مجھے ان باتوں سے کوئی مسئلہ نہیں، مجھے اس بات سے کوئی واسطہ نہیں کہ اس ملک میں کیا ہو رہا ہے، میں بہت اچھی زندگی گزار رہی ہوں۔واضح رہے کہ ماضی میں عفت عمر ماڈلنگ بھی کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کئی مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے تاہم اب انہوں نے اداکاری سے بریک لے لیا ہے۔ عفت عمر اب سوشل میڈیا پر مختلف سماجی اور سیاسی مسائل پر کھل کر بات کرتی نظر آتی ہیں جو کئی لوگوں کو پسند نہیں آتیں اور وہ انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

Back to top button