عمران فوج کو الیکشن میں مداخلت کی دعوت دے رہے ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ضمنی الیکشن میں شکست دیکھ کر فوج کو الیکشن میں مداخلت کی دعوت دے رہے ہیں۔

ایک سیمینار میں عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ وہ ناکام ہوچکے ہیں، انہوں نے چار سال میں ہر طرف تباہی مچائی، انہوں نے عوام کو تکلیف پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی، پاکستان کے عوام ووٹ کا استعمال عمران خان 4 سال کی کارکردگی دیکھ کر کریں گے، وہ اپنی تقریر میں جھوٹ پہ جھوٹ بول رہے تھے، عمران خان کے دور میں میڈیا پر سب سے زیادہ سینسرشپ تھی، ان کے دور میں صحافیوں کو دھمکیاں دی جاتی تھیں، جو اینکر پسند نہیں آتے تھے ان کے پروگرامز بند کر دیئے جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت میں آئے تو سب سے پہلے اپنے مخالفین کو گرفتار کروایا، سیاسی مخالفین کو چار سال سزائے موت کی چکیوں میں رکھا، اپنی ہی حکومت کے اسکینڈلز سامنے آنے پر لوگوں کو بیوقوف بنانے کیلئے استعفے لیے جاتے تھے۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے تمہیں آئین شکن قراردیا ہے، تم پہلے شخص ہو جسے آئین شکن کا سرٹیفکیٹ ملا، آئین شکن نے صدر، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سے آئین شکنی کروائی، تم نے چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا اور نیب کے ادارے کو مفلوج کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان افواج پاکستان کوکہہ رہے ہیں کہ الیکشن میں مداخلت کریں، وہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لوگوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، فساد اور غنڈا گردی کے لئے خیبر پختونخوا سے لوگ بھیجے گئے، غنڈوں کے ذریعے فساد کی کوشش کی تو ذمہ دارعمران خان ہوں گے، پہلی بار صاف اور شفاف الیکشن ہورہا ہے، اب پنجاب میں بزدار اور فرح نہیں کہ بیلٹ بکس اٹھوالیے جائیں گے، کسی نے الیکشن کو فساد کی طرف دھکیلا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔

Back to top button