فارن ایکٹ کا سیکشن 3نافذ،غیرقانونی غیرملکیوں کیخلاف آپریشن شروع

ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کی مہلت ختم ہوتے ہی ملک گیر آپریشن شروع کردیا گیا۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فارن ایکٹ 1946ءکے سیکشن 3کا نفاذ کردیا گیا ہے جس کے تحت چاروں صوبوں کو وہاں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کو بے دخل کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہوگا یہ احکامات صوبوں کی نگران حکومتوں کو موصول ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبائی پولیس سمیت متعلقہ ادارے اور محکمے اپنے اپنے علاقوں میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو قانون کے مطابق پکڑ کر بے دخل کرنے کے پابند ہوں گے جس کے بارے میں معلومات شیئرنگ اور فہرستیں تیار ہوچکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق غیرقانونی افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کردیاگیا۔یومیہ 10بسوں سے 500افغان باشندوں کو چمن پہنچایاجائیگا۔کیمپ میں موجود افغانوں کو ٹرین کے ذریعے چمن پہنچایاجائیگا۔ٹرین سے روزانہ 780افغانوں کو واپس بھیجاجائیگا۔خصوصی ٹرین دوران سفر سیل ہوگی ،ریلوے انتظامیہ نے انتظامات شروع کردیئے۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 50ہزار سے زائد غیرقانونی افغانوں کی نشاندہی ہوئی۔ڈی پورٹ کرنے کیلئے 49پوائنٹس قائم،8مقامات سے کراسنگ ہوگی۔
اسلام آباد میں ڈیڈ لائن ختم ہونے پرغیرقانونی غیرملکیوں کیخلاف آپریشن کاآغاز کردیاگیا۔دستاویزات پیش نہ کرنے پر 64افغان باشندوں کو حراست میں لے لیاگیا۔گرفتار افغان باشندوں کو 2بسوں کے ذریعے طورخم بارڈرروانہ کردیاگیا۔گرفتار کئے گئے افراد کو اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں سے پکڑا گیاتھا۔
کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران گرفتار 4 افغان شہریوں کو ہولڈنگ کیمپ منتقل کردیا گیا، مہلت ختم ہونے سے پہلے غیرقانونی مقیم افراد کیلئے مساجد سے اعلانات بھی کیے گئے تھے۔
کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیلئے پرانے حاجی کیمپ کے قریب کیمپ قائم کردیے ہیں، غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کرکے پہلے ان کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا اور یہاں سے انہیں واپس ان کے ملک بھیجا جائے گا
غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف حیدرآباد ریجن کے 9 اضلاع میں بھی پولیس نے کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سرگودھا ڈویژن کے اضلاع میانوالی، بھکر، خوشاب اور سرگودھا میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے بھی کاروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کاکہنا ہے کہ رواں سال 14دہشت گرد حملوں میں افغان ملوث تھے۔غیرقانونی مقیم افراد کو ہر صورت پاکستان چھوڑنا ہوگا ۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھاکہ وزارت داخلہ میں پورٹل بنادیا کسی کیساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔غیرملکیوں کی قانونی واپسی سے معیشت کو بھی سہارا ملے گا۔بہت سے ممالک کاڈیٹا ہے پکڑے گئے حقیقی پاکستانی نہیں تھے۔ایسے بہت سے شناختی کارڈ بنے ہیں ان پرجائیدادیں بھی ہیں۔
نگران وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ غیر قانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی، مہلت ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں غیرقانونی طور پر آباد غیرملکیوں کی وطن واپسی کیلئے 49 ہولڈنگ ایریاز بنائے گئے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کو پہلے ان کیمپوں اور پھر اُن کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔
سرفزاز بگٹی کاکہنا تھاکہ پنجاب سےغیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کا انخلا 3 نومبر سے مرحلہ وار ہوگا۔

Back to top button