مسلم لیگ ن نے لاہور کے جلسے کےلیے درخواست جمع کرادی

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے لاہور جلسے کےلیے درخواست دیدی ہے لیکن حکومتی ترجمان کے پاس معلومات ہی نہیں ہوتیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ابھی تک پی ڈی ایم نے لاہور جلسے کےلیے درخواست نہیں دی ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جب جلسے کی درخواست آئے گی تو اس کے بعد حکومت اپنی حکمت عملی سامنے لائے گی لیکن یہ بات طے ہے کہ عوام کی جان و مال سے سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایس او پیز کا عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات یقینی بنانے کےلیے اپوزیشن سے پہلے ڈائیلاگ کریں گے، ڈائیلاگ کس سے کریں گے، ابھی جلسہ منتظمین سامنے نہیں آئے۔
فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمانوں کے پاس معلومات نہیں ہوتیں، اس لیے ایسی باتیں کرتے ہیں، لاہور جلسے کےلیے درخواست دے چکے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکومتی بیان پی ڈی ایم کی پہلی کامیابی ہے، پی ڈی ایم نے عمران خاں کو یہ بات سمجھا دی ہے کہ عوام کی طاقت کیا ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے جلسے عمران خان کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے، حکومت نے گوجرانولہ سے ملتان تک جلسوں میں رکاوٹیں ڈالیں، لیکن اس کے باوجود عوام پی ڈی ایم کے جلسوں میں پہنچی اور ہر جلسہ کامیاب ہوا۔ ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عوامی کی طاقت سب سے بڑی طاقت ہے، جلسے نہ روکنے کے حکومتی بیانات سبکی والے بیانات ہیں۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحما ن کا کہنا تھا کہ لاہور کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔
