آمدن سے زائد اثاثے: رانا ثناء اللہ کے ورانٹ گرفتاری جاری

قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
چیئرمین نیب نے رانا ثنا اللہ کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری پر دستخط کردیے۔اس ضمن میں بتایا گیا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف 9 نومبر کو وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
خیال رہے کہ رانا ثنا اللہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں۔
تازہ پیش رفت سے متعلق بتایا گیا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف نیب کو 3 شکایتیں موصول ہونے کے بعدکارروائی کا آغاز کیا گیا جبکہ رانا ثناللہ کی درخواست ضمانت 16 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہے ۔
خیال رہے کہ ستمبر میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں انہوں نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کے جوابات دیے تھے۔ رانا ثنااللہ نے اس ضمن میں متعلقہ ریکارڈ بھی پیش کیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے رشتہ داروں کے نام پر جائیدادیں جمع کیں جس کی مجموعی مالیت 40 کروڑ روپے بنتی ہے۔ دوسری جانب رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس جعلی بینک اکاؤنٹ ہے اور نہ ہی بے نامی املاک ہیں۔
