گلوکارہ آئمہ بیگ نے عاصم اظہر کو بھائی کیوں قرار دیا؟

معروف گلوکارہ و ماڈل آئمہ بیگ نے گلوکار عاصم اظہر سے اپنے تعلقات ختم ہونے سے متعلق پوچھنے والے مداح کو جواب دیا ہے کہ وہ توان کے لیے بھائی ہیں۔
خیال رہے کہ گلوکارہ آئمہ بیگ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے، جہاں ان سے کیریئر، شادی اور تعلقات کے حوالے سے پوچھا گیا۔
اپنی پسندیدہ شوبز شخصیات کے سوال پر انہوں نے سجل علی کا نام لکھا، کسی گلوکار کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں کے سوال پر انہوں نے غیر ملکی آرٹسٹ والٹ بوائے کا نام لیا۔
ایک صارف نے ان سے پوچھا کہ انہیں شادی کے لیے کس طرح کے لڑکے کی تلاش ہے؟ کیا وہ زیادہ تعلیم یافتہ کو اہمیت دیں گی یا زیادہ پیسے والے کو؟
اس پر آئمہ بیگ نے لکھا کہ وہ شادی کے لیے لڑکا تلاش نہیں کر رہیں، انہیں کچھ بھی نہیں چاہئیے، وہ ایسے ہی ٹھیک ہیں۔
گلوکارہ نے مذکورہ سوال کرنے والے کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے ان سے ایسا پوچھا۔
ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ وہ کب شادی کر رہی ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
ایک مداح نے ان سے فرمائش کی کہ وہ ماڈل و اداکارہ میرب علی کے لیے جملہ لکھیں، جس پر انہوں نے میرب علی کو اپنی اسٹوری میں مینشن کرتے ہوئے انہیں اپنی بہن قرار دیا۔
اسی طرح ایک صارف نے آئمہ بیگ سے سوال کیا کہ کیا ان کے اور عاصم اظہر کے درمیان تعلقات ختم ہوچکے ہیں؟اس پر گلوکارہ نے جواب دیا کہ عاصم اظہر ان کے لیے بھائی کی طرح ہیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں دونوں ایک ساتھ ’تیریاں‘ گانا ریلیز کر چکے ہیں، اس کے علاوہ بھی دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جون 2022 میں آئمہ بیگ اور ان کے منگیتر شہباز شگری کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنا شروع ہوئی تھیں، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں نے منگنی ختم کرلی۔
دونوں کے درمیان منگنی کے ایک سال بعد ہی تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے تاہم بعد ازاں کچھ عرصے بعد گلوکارہ نے تعلقات ختم ہونے کی تصدیق کردی تھی۔
آئمہ بیگ نے انسٹاگرام اسٹوری میں واضح کیا تھا کہ اب وہ اور شہباز شگری ساتھی نہیں رہے، ان کے درمیان تعلقات ختم ہوگئے ہیں۔گلوکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ ہمیشہ اس شخص کی مشکور رہیں گی، جنہوں نے انہیں اپنا قیمتی وقت دیا، وہ الگ بات ہے کہ ان کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات بھی ہوئے۔آئمہ بیگ نے لکھا تھا کہ لوگوں کے تمام سوالات کے جوابات یہی ہیں کہ اب وہ ایک نہیں رہے، انہوں نے اچھے طریقے سے اپنے تعلقات ختم کیے اور دونوں بلکل خیریت سے ہیں۔انہوں نے پوسٹ میں شہباز شگری کا نام لکھتے ہوئے لکھا تھا کہ اب وہ ساتھی نہیں ہیں اور نہ ہی وہ تعلقات ختم ہونے پر رنجیدہ یا غم زدہ ہیں بلکہ دونوں بہت ہی خوش ہیں۔
خیال رہے کہ آئمہ بیگ اور شہباز شگری نے جولائی 2021 میں دارالحکومت اسلام آباد میں اہل خانہ، دوستوں اور شوبز شخصیات کی موجودگی میں منگنی کی تھی اور اس سے قبل ہی دونوں میڈیا کے سامنے ایک دوسرے سے اظہار محبت بھی کرتے رہے تھے۔دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات استوار ہونے اور منگنی کے بعد ان کی شادی شوبز انڈسٹری کا اہم موضوع بنی رہی مگر دونوں کے تعلقات شادی سے قبل ہی ختم ہوگئے تھے۔
