افریقی ملک مالی کی ایک خاتون کے ہاں بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایک وقت میں سب سے زیادہ بچے جنم دینے (جو سب زندہ بھی بچ گئے) کا ریکارڈ کس خاتون کے پاس ہے؟
اگر نہیں تو جان لیں کہ وہ نادیہ سلیمان نامی ایک امریکی خاتون ہیں جنہوں نے جنوری 2009 میں 8 بچوں کو بیک وقت جنم دیا جو سب زندہ بھی بچ گئے۔ مگر اب یہ ریکارڈ بہت جلد افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والی خاتون کے نام ہونے والا ہے۔ حلیمہ سیسی نامی خاتون کے ہاں 9 بچوں کی بیک وقت پیدائش ہوئی ہے اور یہ ڈاکٹروں کے اندازے سے بھی زیادہ ہے۔25 سالہ حلیمہ کے الٹرا ساؤنڈ مراکش اور مالی میں ہوئے اور ان سے 7 بچوں کی پیدائش کا عندیہ ملا تھا مگر حیران کن طور پر 2 بچے نظر نہیں آسکے۔ تمام بچوں کی پیدائش آپریشن سے ہوئی۔ حلیمہ کا حمل مالی کے باسیوں اور رہنماؤں کی توجہ کا مرکز اس وقت بن گیا تھا جب مارچ میں ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ خاتون کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر مالی حکومت نے حلیمہ کو مراکش بھیج دیا تھا جہاں اس نے 5 لڑکیوں اور 4 لڑکوں کو جنم دیا۔ مالی کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ماں اور بچے ٹھیک ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں وہ گھر واپس آجائیں گے۔ تاہم مراکش کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ انہیں اس بارے میں کچھ علم نہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کے کسی اسپتال میں ایک خاتون کے ہاں اتنے زیادہ بچوں کی پیدائش کے بارے میں علم نہیں۔ طبی ماہرین کو حلیمہ کی صحت کے ساتھ ساتھ بچوں کے بچنے کی بھی فکر ہے کیوں کہ بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش بہت کم ہوتی ہے اور ہونے پر پیچیدگیوں کے باعث چند بچوں کی موت ہوجاتی ہے۔ اگر حلیمہ کے بچے مشکلات سے بچنے میں کامیاب ہوگئے تو ایک خاتون کے ہاں بیک وقت سب سے زیادہ بچوں کا عالمی ریکارڈ بھی ان کے نام ہوجائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close