اداکار فہد مصطفیٰ کو سندھ پولیس میں ’’SP‘‘ لگا دیا گیا


اپنی نئی فلم ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ میں ایک پولیس انسپکٹر کے کردار سے عوامی ستائش حاصل کرنے والے معروف اداکار فہد مصظفیٰ کو سندھ پولیس کی جانب سے اعزازی طور پر ’’سپرنٹنڈنٹ آف پولیس‘‘ یعنی ایس پی کا عہدہ دے دیا گیا ہے، فہد کو ایس پی کا اعزاز آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے دیا گیا۔ قائداعظم زندہ باد کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا گیا تھا، جس میں فہد مصطفیٰ نے ایک ہاؤس سٹیشن افسر یعنی ایس ایچ او گلاب کا کردار ادا کیا تھا جو کہ رشوت خوری چھوڑ کر اس کے خلاف باقاعدہ تحریک شروع کر دیتا ہے اور اپنے سینئر افسران کو بھی اس لعنت کا شکار ہونے سے روکتا ہے۔ سندھ پولیس کا اچھا تشخص ابھارنے پر سندھ کے آئی جی نے انہیں اعزازی ایس پی بنانے کا فیصلہ کیا جس کی منظوری انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے حاصل کی۔

فہد مصطفیٰ نے خود کو اعزازی ایس پی بنائے جانے کی تقریب کی تصویر شیئرکرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔تصویر میں انہیں آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن کو سلیوٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہیں یقین ہوگیا کہ قائد اعظم زندہ باد کے انسپکٹر گلاب نے اپنا سب سے بڑا خواب پورا کرلیا، علاوہ ازیں سندھ پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی انہیں اعزازی ایس پی بنائے جانے کی تقریب کی تصاویر شیئر کی گئیں۔ تقریب میں ہدایت کار نبیل قریشی، مصنف و فلمساز فضا علی مرزا اور ایل سے اے سندھ کے چیئرمین کمیل حیدر شاہ نے بھی شرکت کی، نبیل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’قائد اعظم زندہ باد‘‘ میں فہد مصطفیٰ نے اپنے کردار کے ذریعے بدعنوانی، رشوت ستانی اور دیگر سماجی برائیوں سے پردہ اُٹھانے کے علاوہ عوام میں سندھ پولیس کے مثبت کردار کو بھی اُجاگر کرنے کی کوشش کی اور پولیس کی اچھی کارکردگی کو عوام‌ کے سامنے لائے، جس وجہ سے سندھ پولیس ان سے خوش ہوئی۔

فلم میں فہد مصطفیٰ کے ہمراہ پہلی بار ماہرہ خان سکرین پر رومانس کرتی دکھائی دی تھیں، فہد مصطفیٰ نے بطور سندھ پولیس کے ایک بیباک افسر کے ایسے کارنامے دکھائے کہ لوگ انہیں حقیقی ہیرو قرار دے رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button