کیا بل گیٹس کی طلاق کی وجہ جنسی تعلقات تھے؟

حال ہی میں اپنی اہلیہ سے طلاق لینے والے دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بل گیٹس پر اب یہ الزام عائد ہو گیا ہے کہ ان کی طلاق اور مائیکرو سافٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے علیحدگی کی وجہ ان کے جانب سے اپنی کمپنی کی خواتین ملازمین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات کا پتہ چل جانا تھا۔
یاد رہے کہ 3 مئی 2021 کو اپنی اہلیہ سے 27 سالہ شادی ختم کرنے والے بل گیٹس کی طلاق کی خبر نے جہاں دنیا بھر کے لوگوں کو حیران کردیا تھا وہیں اب طلاق کے بعد ان کے حوالے سے سامنے آنے والی سنسنی خیز خبروں سے بھی دنیا بھر میں ان کے مداح حیران رہ گئے۔ بل اور ان کی سابق اہلیہ ملنڈا گیٹس نے 3 مئی 2021 کو شادی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب بل گیٹس کے حوالے سے حیران کن خبریں سامنے آئی ہیں۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ماضی میں بل گیٹس امریکی کاروباری شخص جیفری اپسٹن سے ملتے تھے، جن پر امیر ترین افراد کو جسم فروشی کے لیے کم عمر لڑکیاں فراہم کرنے جیسے الزامات تھے اور انہوں نے 2019 میں ایک امریکی جیل میں ہی خودکشی کرلی تھی۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیفری اپسٹن سے اپنے شوہر کی ملاقاتوں کی خبر اور ان سے متعلقہ افواہیں سننے کے بعد ملنڈا گیٹس نے شوہر سے 2019 میں ہی طلاق لینے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں یہ حیران کن انکشاف کیا ہے کہ بل گیٹس مارچ 2020 میں اپنی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اس لیے الگ ہوگئے تھے کہ ان کے خلاف جاری کمپنی کی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ ان کے ایک خاتون ملازم کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔ اخبار نے اپنی رپورٹ میں مذکورہ معاملے سے منسلک کم از کم دو افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مائیکرو سافٹ کمپنی کو بل گیٹس کے ایک پرانے معاشقے کی خبر 2019 میں ملی تھی، جس پر تحقیقات کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں ثابت ہوا تھا کہ بل گیٹس کے سال 2000 میں مائیکرو سافٹ کی خاتون ملازمہ سے جنسی تعلقات تھے اور دونوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کچھ عرصے بعد خوش اسلوبی سے ختم ہوگئے تھے۔
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا کہ بل گیٹس کے پرانے معاشقے کی خبر کمپنی کو 19 سال بعد ملی، جس پر تحقیقات کی گئی تو یہ خبر سچ نکلی، جس کے بعد بل گیٹس نے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ تاہم بل گیٹس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ دو دہائیاں پرانا ہے اور دونوں کے درمیان خوش اسلوبی سے تعلقات اختتام پذیر ہوئے تھے اور بل گیٹس نے فلاحی کاموں کو زیادہ وقت دینے کے لیے کمپنی سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں اس خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جن کے مبینہ طور پر بل گیٹس سے جنسی تعلقات تھے۔ دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں بل گیٹس کے حوالے سے حیران کن انکشاف کیے کہ وہ ماضی میں کمپنی کی خواتین ملازمین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے میں ملوث رہے ہیں۔ رپورٹ میں مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جب بل گیٹس مائیکرو سافٹ کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر تھے، تب ان کا رویہ خواتین ملازمین کے ساتھ درست نہیں تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بل گیٹس کی کمپنی کے عہدے سے علیحدگی کی ایک وجہ ان کی جانب سے خواتین ملازمین کے ساتھ ناروا رویہ بھی تھا۔ رپورٹ میں بل گیٹس اور ان کی سابق اہلیہ کے درمیان شادی سے قبل کمپنی میں ملازمت کے دوران ہی معاشقے اور پھر بعد ازاں شادی کرنے کا قصہ بیان کیا گیا۔ ساتھ ہی بل گیٹس کی جانب سے خواتین ملازمین کے ساتھ ناروا رویے کے حوالے سے دو قصے بھی پیش کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2016 میں بل گیٹس نے مائیکرو سافٹ کی ایک میٹنگ کے دوران پریزنٹیشن دینے والی خاتون ملازم کو اجلاس ختم ہونے کے بعد ای میل کرکے ڈنر کی دعوت دی۔ اسی طرح ایک اور خاتون کا نام بتائے بغیر بتایا گیا کہ مائیکرو سافٹ کی سابق ملازمہ نے بتایا کہ 2017 یا 2018 میں انہیں کمپنی کے باس نے رات کے کھانے کی دعوت دی۔خاتون نے بتایا کہ انہوں نے بل گیٹس کے ساتھ گیٹس فاؤنڈیشن کی تقریب کے لیے نیویارک کا دورہ کیا، جہاں ایک پارٹی کے دوران انہیں مائیکرو سافٹ کے بانی نے نامناسب پیش کش کی۔ خاتون کے مطابق بل گیٹس نے پارٹی کے دوران انہیں کہا کہ وہ انہیں تسلی سے دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے کیا وہ ان کے ساتھ رات کے کھانے پر چلیں گی؟ خاتون نے بتایا کہ انہوں نے بل گیٹس کی بات کا کوئی واضح جواب نہیں دیا اور ان کی بات کو ہنسی میں ٹال دیا۔ مذکورہ رپورٹ میں ذرائع کی شناخت کو خفیہ رکھ کر بتایا گیا کہ بل گیٹس کا ملازمین کے ساتھ رویہ پیشہ ورانہ اور مہذب نہیں ہوتا تھا۔
تاہم مذکورہ رپورٹ پر بھی بل گیٹس کے ترجمان نے کہا کہ اخبار کی رپورٹ میں جھوٹے دعووں پر معزز شخصیت کی کردار کشی کی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بل گیٹس کی طلاق کے بعد ان کی شخصیت کو خراب کرنے کے لیے من گھڑت کہانیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ایسی رپورٹس سامنے آنے کے باوجود تاحال بل گیٹس نے ذاتی طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا اور نہ ہی ان کی سابق اہلیہ ملنڈا گیٹس نے کوئی بیان دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close