ایمان علی کو اپنی شکل خواجہ سرا جیسی کیوں لگتی ہے؟


معروف اداکار عابد علی مرحوم کی خوبصورت بیٹی اور اداکارہ ایمان علی نے سوشل میڈیا بہت کم استعمال کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ خوبصورت نہیں ہیں اور تصویروں اور سلفیوں میں ان کا چہرہ خواجہ سراؤں جیسا لگتا ہے۔ ایمان علی کے مطابق وہ جب بھی سیلفی نکالنے کی کوشش کرتی ہیں، ان کو یہی محسوس ہوتا ہے کہ انکی شکل کسی خواجہ سرا یا مخنث جیسی ہے، اس لیے وہ سیلفی نہیں نکالتیں۔ اداکارہ کے مطابق اگرچہ بہت سارے لوگ انہیں خوبصورت قرار دیتے ہوئے ان کی تعریفیں بھی کرتے ہیں، تاہم وہ اپنی خوبصورتی اور چہرے سے مطمئن نہیں۔
ماڈل ایمان علی نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بھارت سے کام کرنے کی متعدد بار پیش کش ہوئی مگر انہوں نے ’محب وطن‘ ہونے کی وجہ سے وہاں کام سے انکار کردیا۔ سال 2019 میں بھارتی عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے شہادت پانے والے پاک فوج کے افسر شہید میجرعزیز بھٹی کے پوتے بابرعزیز بھٹی سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ ایمان علی کے مطابق وہ شروع سے ہی ’محب وطن‘ ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے فوجی خاندان میں شادی کی۔ واسع چوہدری کے پروگرام ’گھبرانا منع ہے‘ میں بات کرتے ہوئے ایمان علی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں جب وہ بھارتی دورے پر گئی تھیں تو انہیں متعدد فلم سازوں نے وہاں کام کرنے کی پیش کش کی۔ ایمان علی کے مطابق انہیں فلم ساز امتیاز علی اور وشال بھردواج نے بھی کام کی پیش کش کی مگر انہوں نے پہلی بار ہی فلموں کی کہانی سنے بغیر ہی ان سے معذرت کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ایک تو انہوں نے ’محب وطن‘ ہونے کی وجہ سے بھارتی فلم سازوں کے ساتھ کام سے انکار کیا، دوسرا یہ کہ انہیں معلوم تھا کہ دونوں فلم سازوں کی فلمیں بولڈ ہوتی ہیں، اس لیے انہوں نے ان کے ساتھ کام سے معذرت کی۔ پروگرام میں ایمان علی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے پاکستان کی بھی متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا، کیوں کہ انہیں تمام فلموں میں ہیروئن کے کردار پسند نہیں آئے۔ ایمان علی نے بتایا کہ انہیں ’جوانی پھر نہیں آنی، نامعلوم افراد، پنجاب نہیں جاؤں گی، کراچی سے لاہور اور آزادی‘ سمیت دیگر فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے انکار کردیا۔ اداکارہ کے مطابق ایک تو وہ ہر کسی کے ساتھ فلم میں کام نہیں کرتیں، وہ اس فلم میں ہی کام کرتی ہیں جس کی ہدایات ان کے دوست دے رہے ہیں یا پھر اس کی کہانی ان کے کسی دوست نے لکھی ہو۔
ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ چوں کہ ’نامعلوم افراد اور جوانی پھر نہیں آنی‘ کے مرکزی کردار مرد حضرات کے تھے، اس لیے انہوں نے ان میں کام سے انکار کیا۔ ایمان علی کے مطابق ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں بھی ہیروئن کے کردار کے ساتھ لکھاری نے ناانصافی کی، اس لیے انہوں نے مذکورہ فلم میں بھی کام نہیں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ایمان علی نے بتایا کہ بابر عزیز بھٹی سے شادی سے قبل ہی ان کے درمیان تعلقات استوار ہوگئے تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی بہتر اور اچھی بن گئی ہے اور اب وہ ہر وقت انجوائے کرتی ہیں۔

Close