کھرب پتی امریکی ٹیکس چورنکلے!

دنیا کے امیر ترین افراد بھی ٹیکس نادہندہ نکلے ہیں۔امریکی ادارے انٹرنل ریونیو سروس (آئی آر ایس) کی خفیہ رپورٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق امیر ترین امریکیوں کی بڑی تعداد نے کئی سال تک فیڈرل انکم ٹیکس سرے سے ادا ہی نہیں کیا۔رپورٹ میں دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس اور ایلون مسک سمیت کئی ارب پتی افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیف بیزوس نے 2007 اور 2011 میں کوئی ٹیکس نہیں ادا کیا۔اعداد و شمار کے مطابق برکشائر ہیتھ وے انکارپوریشن کے وارن بُفے کی دولت میں 24 اعشاریہ 3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا لیکن انہیں نے صرف 23اعشاریہ 7 ملین ڈالر( 0.10 فیصد) ٹیکس ادا کیا۔ امیزون کے مالک جیف بیزوس کی دولت میں 99 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا لیکن انہوں نے صرف 973 ملین ڈالر(0.98فیصد) ٹیکس ادا کیا۔ اسی طرح ٹیسلا انکارپوریشن کے مالک ایلون مسک کی دولت میں 13 اعشاریہ 9 ارب ڈالر اضافہ ہوا، لیکن ٹیکس انہوں نے صرف 3 اعشاریہ 27 فیصد ( 455 ملین ڈالر) ادا کیا۔ بلومبرگ کے مالک مائیکل بلومبرگ کی دولت ان 5 سالوں میں ساڑھے 22 ارب ڈالر بڑھی اور انہوں نے 292 ملین ڈالر( 1.30فیصد) ٹیکس کی مد میں ادا کیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کے 25 امیر ترین افراد کی جانب سے ٹیکس ادائیگی میں اوسطا 15 اعشاریہ 8 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ پرو پبلیکا کے سینئر رپورٹر اور مدیر جیسی ایسنگر کا کہنا ہے کہ ہمیں اس باتنے حیران کردیا کہ آپ ارب پتی ہوتے ہوئے بھی زیرو ٹیکس دیں۔ بی بی سی کے مطابق یہ رپورٹ اس وقت منظرعام پر آئی ہےجب امیر افراد کی جانب سے ادا کیے جانے والی ٹیکس کی رقم اور بڑے پیمانے پر ہونے والی عدم مساوات پر بحث میں اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کٰہ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اس ’ لیک‘ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ایف بی آئی اور ٹیکس حکام سے معاملے کی مزید چھان بین کا حکم دے دیا ہے۔

Close