ایک لڑکی میرا شوہر کیسے بن گئی؟ نادیہ خان کا سوال

تیسری شادی کرنے والی معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ ایک لڑکی انکی شوہر نہیں ہو سکتی۔ انکا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگ بار بار اداکارہ ہانیہ عامر کو ان کا جیون ساتھی یا شوہر بنا کر پیش کر رہے ہیں اور انکی جانب سے بار بار کی وضاحت کے باوجود یہ غلط بات مسلسل دہرائی جا رہی ہے جس سے انکے بارے میں غلط فہمیاں پیدا ہو رہی ہیں۔
پاکستان ٹیلی وژن پر اپنے مارننگ شو میں اداکار عمران عباس کے ساتھ گفتگو کے دوران خاتون میزبان نے بتایا کہ وہ اپریل سے اب تک بہت بار سوشل میڈیا اور خصوصا ’وکی پیڈیا‘ پر اپنے بارے میں دی گئی معلومات کو درست کر چکی ہیں مگر پھر بھی ان سے متعلق غلط معلومات بار بار اپ لوڈ کردی جاتی ہیں اور کوئی روکنے ٹوکنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا اب بھلا کوئی پوچھے کہ ہانیہ عامر میرا شوہر کیسے ہو سکتی ہے۔ نادیہ خان کے پروگرام میں اداکار عمران عباس نے بھی سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر خود سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ پر لوگوں نے ایک سال میں ان کی 5 شادیاں اور طلاق کروا دیں۔ عمران عباس نے کہا کہ محض پیسے کمانے کے چکر میں لوگ ان کی اور خواتین اداکاروں کی زندگی کو مشکل بنا رہے ہیں۔ انہون نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غلط معلومات پھیلانے والے یوٹیوب چینلز سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے اکاؤنٹس کو ان سبسکرائب یا ان فالو کرکے انہیں سزا دیں۔ عمران عباس نے کہا کہ پاکستان میں ابھی ایسے کوئی قوانین نہیں بنے کہ ایسی غلط معلومات پھیلانے والوں کو سزا مل سکے، تاہم لوگ چاہیں تو انہیں ان سبسکرائب کر کے سزا دے سکتے ہیں۔
عمران عباس نے بتایا کہ ایک بار جب ان کے اہل خانہ بیرون ملک تھے تو سوشل میڈیا پر کسی نے ان سے متعلق جھوٹی خبر چلائی کہ وہ سڑکمخے ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔اداکار نے بتایا کہ سڑک کے حادثے میں ان کی ہلاکت کی خبر لگاتے وقت بہت ہی خوفناک تصاویر کو بھی استعمال کیا گیا۔ جب ان کے اہل خانہ نے وہ خبر دیکھی تو صدمے میں چلے گئے۔
عمران عباس کی اسی بات پر میزبان نادیہ خان نے انہیں بتایا کہ ممکن ہے کہ کچھ خاص لوگ اداکار کو ٹارگٹ کرکے ان سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے ہوں۔ عمران عباس نے مزید کہا کہ وکی پیڈیا پر ان سے متعلق دستیاب معلومات 80 فیصد غلط ہے، اس میں نہ صرف ان کی عمر زیادہ بتائی گئی ہے بلکہ ان کی پیدائش بھی پنجاب میں کروائی گئی جب کہ ان کے والدین کو کرکٹر بھی بنا کر پیش کیا گیا۔
اسی بات پر نادیہ خان نے بھی کہا کہ وکی پیڈیا پر ان سے متعلق بھی بہت زیادہ غلط معلومات موجود ہیں اور وہ لوگوں سے اپیل کر رہی ہیں کہ وکی پیڈیا کو معلومات کا ذریعہ سمجھنا چھوڑ دیں۔
نادیہ نے بتایا کہ اپریل 2021 میں انہوں نے وکی پیڈیا پر ہانیہ عامر کو اپنے جیون ساتھی کے طور پر دیکھا تو حیران رہ گئیں۔نادیہ کے مطابق انہوں نے ہانیہ عامر کو بطور اپنا شوہر دیکھنے کے بعد ان معلومات کو درست کروایا مگر 24 گھنٹے بعد دوبارہ وہی پرانی اور غلط معلومات واپس آ گئیں۔
نادیہ خان نے بتایا کہ حیران کن طور پر ہانیہ عامر کے وکی پیڈیا پر بھی انہیں ان کا شوہر یا جیون ساتھی بنا کر پیش کیا گیا تھا۔ نادیہ کے مطابق انہیں پہلے یہ معلوم نہیں تھا کہ وکی پیڈیا پر کوئی بھی جا کر معلومات کو ایڈٹ یا اپڈیٹ کر سکتا ہے۔ حیران کن طور پر نادیہ خان کے وکی پیڈیا پر 15 جولائی کو بھی ہانیہ عامر کو ان کا شوہر بنا کر پیش کیا گیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے ہانیہ عامر کے پیج پر جیون ساتھی کا آپشن ہی نہیں تھا۔
واضح رہے کہ نادیہ خان نے رواں برس کے آغاز میں تصدیق کی تھی کہ انہوں نے سابق نیوی افسر فیصل ممتاز سے تیسری شادی کی تھی، نادیہ کے پہلی دو شادیوں سے تین بچے ہیں، جن میں سے ان کی بڑی بیٹی علیزے 18 سال کی ہوچکی ہیں جب کہ دوسرا بیٹا اذان 12 سال اور سب سے چھوٹا بیٹا کیان ڈیڑھ برس کا ہے۔

Close