واٹس ایپ نے 20 لاکھ بھارتی اکاؤنٹس بلاک کر دیئے

کیلی فورنیا: سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس ایپ نے بھارت کے 20 لاکھ اکاؤنٹس بند کر دیے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق واٹس ایپ نے نقصان دہ اور غلط معلومات دینے پر بھارتی صارفین کے 20 لاکھ اکاؤنٹس بند کیے۔رپورٹ کے مطابق کمپنی نے نئے انفارمیشن ٹیکنالوجی قوانین کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ میں ان 20 لاکھ اکاؤنٹس کو بند کیا جن کے ذریعے غلط اور نقصان دہ معلومات شیئر کی گئی تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ناقص معلومات پر اکاؤنٹس بلاک نہیں کیے جاتے بلکہ ٹھوس وجوہات پر کارروائی کی جاتی ہے۔ ان صارفین نے رواں سال 15 مئی سے 15 جون تک واٹس ایپ کے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔کمپنی کا کہنا تھا کہ نقصان دہ اور غیر مطلوبہ پیغامات کے پھیلاؤ کو روکنا اہم ٹارگٹ ہے اور کمپنی ہر ماہ 80 لاکھ اکاؤنٹس کو بلاک کرتی ہے۔

معروف میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے بھارت میں 400 ملین سے زائد صارفین ہیں اور واٹس ایپ نے بھارت کے نئے متنازع سوشل میڈیا قوانین کے تحت پہلی رپورٹ جاری کی ہے۔خیال رہے کہ واٹس ایپ جعلی خبروں اور غلط معلومات کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

Close