لاک ڈاؤن : پاکستانی یوٹیوب پر کیا دیکھ رہے ہیں؟

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وباء پھیلنے کے نتیجے میں اربوں افراد گھروں تک محدود ہوگئے ہیں اس دوران انٹرنیٹ ٹریفک بہت زیادہ بڑھ چکا ہے۔ پاکستان میں بھی انٹرنیٹ کے استعمال میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور یوٹیوب دیکھنے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔ گھروں میں محصور لوگ اپنا وقت گزارنے، تفریح اور نئی نئی چیزیں سیکھنے یا جاننے کےلیے یوٹیوب پر دھڑا دھڑ سرچ کر رہے ہیں۔

یوٹیوب کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پاکستان میں ڈرامے گانے لاک ڈاؤن سے متعلق مختلف وی لاگرز کی ویڈیوز، ٹی وی ٹاک شوز، فلمیں اور مذہبی رہنماؤں کے بیانات اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کی ٹرینڈنگ میں ہم ٹی وی کا ڈرامہ ’یہ دل میرا‘ نمبر ایک پر ہے جسے 20 گھنٹوں میں 25 لاکھ لوگوں نے دیکھا ہے۔ دوسرے نمبر پر ارویندر کھیڑا کا گانا ’کچھ بھی ہو جائے‘ ہے جو ایک ہفتہ پہلے اپلوڈ ہوا تھا اور اب تک 14 ملین ویوز حاصل کر چکا ہے۔ اس وقت تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو وی لاگر زید علی کی لاک ڈاؤن سیزن کے سلسلے کی ویڈیو براؤن پیرنٹس اور لاک ڈاؤن ہے۔

اس کے علاوہ جہانگیر ترین کے انکشافات، فلم ملاقات، ڈرامہ دیوانگی، اور طاہر شاہ کا گانا ’فرشتہ‘ بھی ٹرینڈنگ میں شامل ہے۔ ایک سروے کے مطابق مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی اکثریت کے رجحانات میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔ ان دنوں گھروں پر موجود لوگوں کے کھانے پینے کی ڈیمانڈز بھی بڑھ جاتی ہیں۔ اس لیے خواتین کی بڑی تعداد یوٹیوب پر کھانے پکانے اور نت نئی ڈشز سیکھنے میں مصروف ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیلون اور بیوٹی پارلرز بھی بند ہیں تو بیوٹی ٹپس بھی خواتین کی سرچ لسٹ میں شامل ہیں۔
خواتین مختلف ٹی وی چینلز پر چلنے والے ڈرامے بھی دیکھتی ہیں۔

گھر میں بچوں کی موجودگی سے ہنگامہ برپا رہتا ہے اس لیے خواتین بچوں کو کارٹون دیکھنے میں مصروف رکھنے کے علاوہ دیگر مصروفیات کے طریقے سیکھنے کےلیے بھی یوٹیوب کا سہارا لے رہی ہیں۔ دوسری جانب مرد حضرات بالخصوص نوجوان فلمیں دیکھنے، گانے سننے، مختلف موضوعات بالخصوص کورونا وائرس سے متعلق معلومات پر مبنی ویڈیوز دیکھنے اور حالات حاضرہ کے ٹاک شوز میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

مرد و خواتین کی یوٹیوب پر جن تین چیزوں میں دلچسپی میں یکسانیت ہے ان میں سب سے اوپر گانے، پھر فلمیں اور آخری نمبر پر ڈرامے ہیں۔ بیشتر افراد پاکستان کے پرانے ڈرامے دیکھ کر عہد رفتہ کو یاد کر رہے ہیں۔ ان دنوں کھیل کے میدان بھی ویران ہیں تو ایسے میں کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد پرانے میچوں بالخصوص کرکٹ میچوں کی جھلکیاں دیکھ کر اپنے ذوق کی تسکین کرتے ہیں۔

دوسری جانب گھروں میں رہ کر فٹنس مسائل کا سامنا کرنے والے یوٹیوب پر گھروں میں رہ کر کی جانے والی آسان جسمانی ورزشیں بھی سیکھ رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button