عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی قربانی کا سلسلہ جاری

عید قربان کے موقع پر ملک بھر میں دوسرے روز بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
فرزندان توحید اپنے مویشی اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔ قربانی کا یہ سلسلہ کل عید کے تیسرے روز تک جاری رہے گا۔
قرب الہی کے حصول کیلئے ملک بھر میں آج بھی ہزاروں جانوروں کو قربان کیا جا رہا ہے، جو لوگ گذشتہ روز قربانی نہیں کر پائے آج عید کے دوسرے دن مقدس فریضہ سر انجام دینے میں مصروف ہیں۔ قربانی کے ساتھ ساتھ چٹ پٹے پکوان تیار کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غربا اور مسکینوں میں گوشت تقسیم کر کے مسلمان قربانی کی حقیقی روح کے مطابق عمل کر رہے ہیں۔قربانی کیلئے شہری یا تو جانوروں کو پالتے ہیں یا پھر منڈی سے من پسند جانوروں کا انتخاب کرتے ہیں تاہم ان جانوروں کو جب اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا وقت آتا ہے تو اصلی قصائی کا ملنا محال ہو جاتا ہے، ایسے میں دیہاڑی دار اناڑی قصائی بھی میدان میں آ جاتے ہیں، جو ایک طرف جانوروں کو ذبح کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے تو دوسری طرف وہ اس مقدس مذہبی فریضے کی ادائیگی کے شرعی تقاضوں سے بھی لا علم ہوتے ہیں، اس صورتحال میں اناڑی قصائیوں کی وجہ سے قربانی کے جانوروں کو مختلف اذیتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کئی بار دیکھا گیا ہے کہ غلط تکنیک کے استعمال کی وجہ سے قربانی کے جانور بے قابو ہو جاتے ہیں جس کے بعد قصائیوں کی جانب سے جانوروں پر بہیمانہ تشدد کیا جاتا ہے، اس مار دھاڑ کے نتیجے میں قربانی کے جانوروں کو شدید ترین جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بعض بے رحم افراد تشدد سے قربانی کے جانوروں کی ہڈیاں تک توڑ دیتے ہیں، بسا اوقات اس سے بھی سنگین واقعات سامنے آتے ہیں۔
انتظامیہ نے صفائی کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لیے کنٹرول روم قائم کیے ہیں اور بڑے ڈمپنگ اسٹیشن بھی بنائے گئے ہیں۔ مختلف علاقوں کو ذیلی سیکٹرز میں تقسیم کرکے صفائی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
بلدیاتی اداروں کی جانب سے لاکھوں ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا جارہا ہے۔ شہریوں کی جانب سے آلائشیں سڑکوں گلیوں میں پڑے ہونے کی شکایات موصول ہونے پر بروقت کارروائی کی جارہی ہے اور ان کا ازالہ کیا جارہا ہے۔ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے ، جس پر حکومت نے عید کے موقع پر عوام سے کورونا ایس اوپیز (ضابطہ کار) پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

Close