دنیا کی سب سے چھوٹی گائے رانی بنگلا دیش میں چل بسی

رواں برس عیدالاضحیٰ کے موقع پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے رانی بنگلا دیش میں چل بسی۔مقامی میڈیا کے مطابق رانی کا پیٹ کافی زیادہ سوج گیا تھا جس کے بعد اسے علاج کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز اس کی جان نہیں بچا سکے اور وہ محض چند گھنٹوں میں ہی دنیا سے رخصت ہوگئی۔

ڈاکٹرز نے بتایا کہ گائے کے پیٹ پر سوجن زیادہ کھانے اور گیس جمع ہوجانے کے باعث ہوئی۔یاد رہے کہ رانی کا تعلق ڈھاکا سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر چڑی گرام کے ایک فارم سے تھا جس نے اپنے منفرد قد و قامت کے باعث کچھ ہی دن میں خوب شہرت حاصل کی تھی۔

رانی کے مالک نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ دنیا کی سب سے چھوٹی گائے ہے جس کا قد 20 انچ (51 سینٹی میٹر) جب کہ عمر 23 ماہ ہے، رانی کی لمبائی 26 انچ (66 سینٹی میٹر) اور وزن 26 کلو گرام ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دور دراز سے لوگ رانی کو دیکھنے گئے تھے۔

Close