شرمیلا فاروقی اور اقراء عزیز کا میچ کیوں پڑ گیا؟

سابق رکن سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی اور خوبصورت اداکارہ اقرا عزیز سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئیں ۔ شرمیلا فاروقی نے حال ہی میں ماں بننے والی اداکارہ اقرا عزیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ باپ کی جانب سے کمسن بچے کے کپڑے بدلنا کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہے۔ شرمیلا نے یہ پیغام اقرا عزیز کی جانب سے کی گئی انسٹا گرام پوسٹ پر دیا۔
اقرا عزیز نے 2 ستمبر کو اپنے شوہر اداکار یاسر حسین کی تصویر شیئر کی، جس میں وہ اپنے نوزائیدہ بیٹے ’کبیر خان‘ کے کپڑے بدلتے دکھائی دیئے۔اداکارہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کام پر جانے سے قبل بیٹے کا پیمپر اور کپڑے بدل کر جاتے ہیں۔
انہوں نے یاسر حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ وہ ان کے آرام کرنے کے وقت بیٹے کا خیال رکھتے ہیں۔اداکارہ نے لکھا کہ ماں بننے کے بعد یاسر حسین ان کی بہت مدد کر رہے ہیں، وہ نہ صرف نوزائیدہ بچے کا خیال رکھتے ہیں بلکہ وہ ان کا بھی خیال کرتے ہیں۔ اداکارہ کی پوسٹ پر خود یاسر حسین اور دیگر شوبز شخصیات نے بھی تعریفی کمنٹس کیے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر شرمیلا فاروقی نے بھی ان کی پوسٹ پر کمنٹ کیا۔
شرمیلا فاروقی نے مختصر کمنٹ میں یاسر حسین کی جانب سے نوزائیدہ بیٹے کے کپڑے بدلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔
تاہم ساتھ ہی انہوں نے اقرا عزیز کو یاد دلایا کہ والد کی جانب سے نوزائیدہ یا کم سن بچے کے کپڑے بدلنا کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہےاور یہ کوئی ایسا مشکل کام نہیں جس پر فخر کیا جائے۔ شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کو بتایا کہ دنیا کے تمام اچھے والدین اپنے بچوں کا خیال رکھتے ہیں، وہ نوزائیدہ بچوں کے کپڑے اور پیمپبرز بدلتے ہیں۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید لکھا کہ ان کے شوہر بھی اپنے بچے کے لیے ایسا ہی کام کرتے ہیں۔
شرمیلا فاروقی نے لکھا کہ جب وہ گھر پر نہیں ہوتیں تو ان کے شوہر انکے بیٹے کو دودھ پلانے سمیت ان کا ہر کام کرتے ہیں۔ شرمیلا کے کمنٹس پر درجنوں خواتین نے کمنٹس کرتے ہوئے ان سے اتفاق کیا اور کہا کہ دنیا کے تمام ہی اچھے والدین اپنے بچوں کا ہر کام کرتے ہیں اور ایسے معاملات کو نارمل سمجھا جائے ، یہ کوئی منفرد کام یا کارنامہ نہیں جس کا اظہار دنیا کے سامنے کیا جائے۔
بعد ازاں شرمیلا فاروقی نے ٹوئٹر پر ایک پول بھی شیئر کیا کہ کیا والدین کو بچوں کی دیکھ بھال اور ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے؟ شرمیلا کے سوالیہ پول پر چند ہی گھنٹوں میں 80 فیصد سے زائد افراد نے رائے دی کہ ہر والد کو والدہ کی طرح ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں ۔ خیال رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کے ہاں چند ہفتے قبل 23 جولائی کو پہلے بیٹے کبیر خان کی پیدائش ہوئی تھی ، دونوں نے 2019 میں شادی کی تھی۔اسی طرح شرمیلا فاروقی نے 2015 میں ریاض شیخ سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2018 میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

Close