ڈی جی خان میں خوفناک ٹریفک حادثہ ، 29 افراد جاں بحق

پاکستان کے ضلعے ڈیرہ غازی خان میں تونسہ روڈ پر سیالکوٹ سے راجن پور آنے والی مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک ٹکر ہوجانے سے 29 افراد ہلاک اور 44 دیگر زخمی ہوگئے۔ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

  حادثے میں شکار بس میں 75مسافر سوار تھے۔ تمام زخمیوں کو ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔ اور ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔  ہلاک اور زخمی ہونے والے بیشتر افراد مزدور تھے جو عیدالضحی کا تہوار منانے کے لیے اپنے اپنے گھروں کو جارہے تھے۔

ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بس سیالکوٹ سے راجن پور جا رہی تھی کہ انڈس ہائی وے تونسہ روڈ کے قریب ایک ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد راحت او ربچاو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور اب ٹریفک کو بحال کردیا گیا ہے۔

پاکستان میں اس طرح کے سڑک حادثات بالعموم ہوتے رہتے ہیں۔ گزشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں زائرین کی ایک بس کھائی میں گرنے سے 23 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 31 مئی کو پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل کبیر والا میں لاہور سے ملتان جانے والی ایک مسافر بس پل سے نیچے جا گری تھی جس کے نتیجے میں 9 مسافر ہلاک جبکہ 28 زخمی ہو گئے تھے۔

علاوہ ازیں 29 مئی کو مظفر آباد کے جنوب میں ایک مسافر بس سیکڑوں فٹ کھائی میں دریائے جہلم کے کنارے جا گرنے سے 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔

20 مئی کو روہڑی کے قریب دبر تھانے کی حدود میں مسافر کوچ الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 13 مسافر ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

Related Articles

Back to top button