اداکارہ زارا ترین بھی لکس سٹائل ایوارڈز انتظامیہ سے نالاں

معروف اداکارہ و فوٹو گرافر زارا ترین نے بھی لکس سٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا ،’لکس سٹائل ایوارڈز‘ کی بیسویں سالانہ ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان گزشتہ ماہ اگست کے آخر میں کیا گیا تھا۔
ایواڈز کے لیے میوزک ، فیشن و ٹیلی وژن کی کیٹیگریز میں متعدد ڈراموں، ماڈلز، اداکاروں و گلوکاروں کو نامزد کیا گیا تھا۔ اداکارہ زارا ترین نے انسٹاگرام سٹوری میں اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ لکس سٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ نے حیران کن طور پر بہترین اداکارہ و اداکار کے لیے تو دو مختلف طرح کے ایوارڈز کا اعلان کیا مگر ’معاون اداکار‘ کے ایوارڈ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مذکورہ عمل کو ’معاون کردار‘ ادا کرنے والے اداکاروں کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے واضح ہوتا کہ ساتھی کردار ادا کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔انہوں نے حالیہ لکس سٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر اعتراض کرنے کے بجائے صرف اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ انتظامیہ نے ’معاون اداکار اور اداکارہ‘ کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیوں نہیں کیا؟
زارا ترین نے مذکورہ عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ 20 سال گزر جانے کے باوجود لکس سٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ کو درست انداز میں کام کرنے نہیں آ رہا۔زارا ترین کی مذکورہ پوسٹ کے بعد کئی لوگوں نے ان سے اتفاق بھی کیا تاہم بعض افراد نے ان پر الزام لگایا کہ شاید وہ نامزد ہونے والے اداکاروں سے ناراض ہیں۔
ایسے الزامات کے بعد اداکارہ نے اپنی ایک اور انسٹا گرام سٹوری میں وضاحت کی کہ وہ نامزد ہونے والے اداکاروں کے خلاف بات نہیں کر رہیں اور وہ ان کی محنت اور کام کا اعتراف کرتی ہیں۔زارا ترین نے وضاحت کی کہ وہ ایوارڈز انتظامیہ سے یہ پوچھنا چاہ رہی ہیں کہ اگر ایوارڈز کے لیے لیڈنگ اداکاروں کے لیے دو دو طرح کے ایوارڈز رکھے جا سکتے ہیں تو معاون اداکاروں کے لیے ایک طرح کا ایوارڈ کیوں نہیں رکھا گیا؟
لکس سٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ نے معاون اداکاروں کے لیے کوئی بھی ایوارڈز نہ رکھنے پر تاحال کوئی وضاحت نہیں کی ہے تاہم ماضی میں انتظامیہ ’معاون اداکارہ‘ اور ’معاون اداکار‘ کا ایوارڈز دیتی آئی ہے۔زارا ترین سے قبل بھی لکس سٹائل کی حالیہ نامزدگیوں پر بھی سونیا حسین، یاسرہ رضوی اور کبریٰ خان سمیت دیگر شوبز شخصیات ناراضگی کا اظہار کر چکی ہیں۔
حالیہ ایوارڈز سے قبل بھی گزشتہ چند سال سے لکس سٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں اور طریقہ کار بھی شوبز شخصیات اعتراض کرتی آ رہی ہیں اور ہر سال ایوارڈز انتظامیہ کے خلاف شکایات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

Close