اب جی میل سے ویڈیو ، آڈیو کالز ممکن

گوگل کی ای میل سروس ’جی میل ‘ عالمی سطح پر مقبول ترین ای میل کمیونیکیشن سروس کے طور پر جانی جاتی ہے لیکن اب گوگل کی جانب سے ’جی میل‘ سروس میں ایک بڑی اپ ڈیٹ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق، گوگل کی نئی اپ ڈیٹ کے تحت جی میل سروس میں ایک ایسے فیچر کو متعارف کروایا جارہا ہے جس کے ذریعے صارفین اب جی میل ایپ پر آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی سہولت بھی استعمال کرسکیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایک ایسا فیچر ہے جو صارفین کے لیے جی میل کو ای میل سروس سے کہیں زیادہ بنادے گا۔ گوگل کی یہ اپ ڈیٹ گوگل ڈرائیو کے ایک حصے کے طور پر ہے جس کے ذریعے اس ایپ میں ورک ایپس فیچرز کو متعارف کروایا جاسکے گا،اس اپ ڈیٹ کے بعد جی میل اپنے صارفین کو موبائل ایپ کے ذریعے براہ راست آڈیو اور ویڈیوکال کی اجازت دے گا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ گوگل نے جی میل سروس کا نیا فیچر براہ راست گوگل میٹ کے ذریعے متعارف کروانے کے بجائے جی میل ایپ کے ذریعے متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

فی الحال گوگل میٹ بذریعہ جی میل اپنے صارفین کو ورچوئل میٹنگ کی میزبانی یا بطور مہمان جوائن کرنے کا آپشن فراہم کرتا ہے تاہم اب اس سروس میں صارفین کے لیے آڈیو اور ویڈیو دونوں طرح کی سہولت شامل کی جارہی ہے جس کے بعد صارفین ایپ کے ذریعے کسی بھی کانٹیکٹ پر آڈیو اور ویڈیو کال کرسکیں گے۔

Close