طورخم بارڈر آمدو رفت کیلئے بحال ، طالبان کابگرام جیل پر بھی کنٹرول

افغان بارڈر طورخم کو آمدو رفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ امریکہ کے زیر انتظام رہنے والی بگرام جیل کا کنٹرول بھی طالبان نے سنبھال لیا ہے ۔

افغان بارڈر پولیس نےکہا ہے کہ افغان حکومت نےطورخم سرحدی گزرگاہ سے پیدل آمدورفت کو بحال کردیا ہے۔گزشتہ روز افغان پولیس نے سرحد پر پیدل آمدروفت پر پابندی عائد کردی تھی جسے اب بحال کردیا گیا ہے۔سرحد کھلنے کے بعد افغانستان سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی جبکہ افغان شہریوں کو بھی وطن واپس جانے کی اجازت مل گئی۔

دوسری طرف افغانستان میں امریکا کے زیر انتظام رہنے والی بگرام جیل کا انتظام طالبان نے سنبھال لیا۔امریکی انخلا کے بعد جیل سے افغان فورسز کے نکلتے ہی بعض قیدی بھی دیوار پھلانگ کر فرار ہوئے۔ جیل کی دیوار کے گرد قیدیوں کے جوتے، چپلیں، پانی کی خالی بوتلیں اور کچرے کے ڈھیر موجود ہیں۔

بگرام ائیربیس پر ٹوٹے پھوٹے امریکی ہیلی کاپٹر اور جنگی سامان جا بجا بکھرا ہوا ہے جسے امریکی فوجی جاتے ہوئے چھوڑ گئے تھے۔ ائیر بیس پر امریکی فوجیوں کی ورزش کا سامان بھی موجود ہے۔بگرام ائیربیس طالبان پر حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا اب اس ائیر بیس پر طالبان کا کنٹرول ہے۔

واضح رہے کہ امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد امریکی حکام نے بگرام ائیربیس کو 20 سال بعد افغان فوج کے حوالے کیا تھا۔

Close