ملک بھر میں تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھل جائینگے

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے بند کیے گئے تمام تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھل جائیں گے ۔منگل کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹ کیا کہ ’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ملک میں تمام تعلیمی ادارے سولہ  ستمبر سے کھل جائیں گے۔‘کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں حکومت نے 15 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند کیے تھے۔

پیر کو حکومت نے دسویں اور بارہویں جماعت کے تمام طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ فیل ہونے والے طلبہ کو رعایتی 33 نمبرز دے کر پاس کیا جائے گا۔وفاقی وزارت تعلیم کے ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ رعایتی نمبرز صرف فیل ہونے والے طلبہ کو ملیں گے۔ باقی میرٹ برقرار رہے گا۔

پیر کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والی بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا صورتحال کے باعث دوبارہ فوری امتحانات ممکن نہیں۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سال میں دو دفعہ ہوں گے۔امتحانات کو سپلیمنٹری امتحانات کا نام نہیں دیا جائے گا۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے منگل کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’تمام نجی اور سرکاری سکول 16 ستمبر کو کھول دیے جائیں گے اور کسی بھی روز صرف 50 فیصد طلبہ کو سکول آنے کی جازت ہو گی۔ حکومت کی طرف سے بتائے گئے ایس او پیز پر عمل کریں۔‘

بشکریہ :اردو نیوز

Close