روسی صدر کا وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون ، افغانستان کی موجودہ صورتحال ، دو طرفہ تعاون اور شنگھائی تعاون تنظیم سے متعلق بات چیت کی ۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا  کی فون کال کے دوران وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سلامتی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

شہباز گل کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ 25 اگست 2021ء کے ٹیلیفونک رابطے کی بات چیت کو دہرایا۔

یاد رہے کہ 25 اگست 2021ء کو بھی وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادی میر پوتن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں جامع سیاسی تصفیہ ہی امن کا ضامن ہے۔ پرامن اور محفوظ افغانستان پاکستان اور خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی برادری افغانستان کے عوام کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔ انہوں نے افغانوں کے تحفظ، سلامتی اور انسانی حقوق پر زور دیا۔

عمران خان اور روس کے صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ولادی میر پوتن کو پاکستان کے دورے کی دعوے دی۔

Close