ن لیگ کا پی ٹی آئی کیساتھ میچ کھیلنے سے انکار

حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو کرکٹ میچ کھیلنے کی دعوت پر ن لیگ نے تحریک انصاف کے ساتھ گورنر ہاؤس پنجاب میں کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا۔

لیگی رہنما رانا مشہود نے کہا کہ ہم کسی صورت گورنر ہاؤس میں کرکٹ کھیلنے نہیں جائیں گے، موجودہ حالات میں عوام کا جینا محال ہو گیا ہے جبکہ حکومت کو  سیر سپاٹوں میں مشغول ہے ، ایک ہفتہ قبل ہی فیاض الحسن چوہان کو فون پر مشترکہ کرکٹ کھیلنے سے منع کردیا تھا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض چوہان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علی حیدر گیلانی نے حکومت اور اپوزیشن کے کرکٹ میچ کے حوالے سے گورنر ہاؤس لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔فیاض چوہان نے بتایا کہ  پہلے میچ کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے جبکہ فائنل میچ میں پنجاب اسمبلی کے چیف پیٹرن پرویز الہٰی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ کے حوالے سے رانا مشہود سے بھی رابطہ کیا ہے لیکن انہوں نے انکار کردیا ہے حالانکہ ن لیگ کے اراکینِ اسمبلی بھی چاہتے ہیں کہ وہ بھی کرکٹ کھیلیں۔

علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کرکٹ ایسی چیز ہے جو متحد کرتی ہے، 9 اکتوبر کو حکومت اور اپوزیشن کے ارکان فرینڈلی ماحول میں کرکٹ کھیلیں گے۔

Back to top button